وفاقی وزیر ہاوسنگ اور رکن پنجاب اسمبلی کی سفارشات پر چولستانی نہروں میں پانی کی ٹیل تک فراہمی یقینی بنانے سمیت 250کیوسک اضافی پانی کی منظوری

جمعہ 9 نومبر 2018 20:02

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 نومبر2018ء) وفاقی وزیر ہاوسنگ چوہدری طارق بشیر چیمہ اور رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر محمد افضل کی سفارشات پر چولستانی نہروں میں پانی کی ٹیل تک فراہمی یقینی بنانے سمیت 250کیوسک اضافی پانی کی منظوری دیدی گئی ۔اس حوالے سے منعقدہ اجلاس میں وفاقی وزیر ہاوسنگ چوہدری طارق بشیر چیمہ،رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر محمد افضل ،سیکرٹری محکمہ انہار سیدعلی مرتضیٰ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی ۔

اجلاس میں چولستان کی نہروں میں پانی کی فراہمی یقینی بنانے ، پانی چوری کی روک تھام ، درپیش مسائل او ر چولستان کی زمینوں کو زیادہ سے زیادہ قابل کاشت بنانے کے حوالے سے مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔وفاقی وزیر چوہدری طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ چولستانیوں کی محرومیوں کا ازالہ اور چولستان کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سرسبز چولستان اور چولستانیوں کی خوشحالی کیلئے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔اس موقع پروفاقی وزیر چوہدری طارق بشیر چیمہ اور رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر محمد افضل کی سفارشات پر چولستان کی نہروں ڈاہری،سالاری اور ڈیراور برانچ کیلئے 250کیوسک اضافی پانی کی منظوری دی گئی۔واضح رہے کہ چولستان کو سیراب کرنیوالی نہروں میں پانی کی عدم فراہمی سے ہزاروں ایکٹر رقبہ پر کاشت متاثر اور چولستانیوں کو شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا اورچولستانیوں نے ماضی میں بارہا احتجاج بھی کیے تھے تاہم اب250کیوسک اضافی پانی کی فراہمی سے چولستانیوں کا دیرنیہ مطالبہ پورا ہو گیا۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں