وفاقی حکومت پسنجر ٹرانسپورٹر ز پر ظالمانہ ٹیکس لگانے سے باز رہی: چوہدری سہیل اشرف وڑائچ

اگر ایڈوانس ٹیکس ،ویلیو ٹیکس اور دیگر ناجائز ٹیکس واپس نہ لیے گئے تو پسنجر ٹرانسپورٹرز 2 اگست کو مکمل ہڑتال پر چلے جائیں گی: صدر موٹر ٹرانسپورٹ فیڈریشن بہاول پور ڈویژن

جمعرات 28 جولائی 2022 22:37

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جولائی2022ء) وفاقی حکومت پسنجر ٹرانسپورٹر ز پر ظالمانہ ٹیکس لگانے سے باز رہے اگر ایڈوانس ٹیکس ،ویلیو ٹیکس اور دیگر ناجائز ٹیکس واپس نہ لیے گئے تو پسنجر ٹرانسپورٹرز 2 اگست کو مکمل ہڑتال پر چلے جائیں گے ۔ان خیالا ت کا اظہار موٹر ٹرانسپورٹ فیڈریشن بہاول پور ڈویژن کے صدرچوہدری سہیل اشرف وڑائچ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کا سب سے بڑا پسنجر ٹرانسپورٹ نظام متعلقہ حکومتی اداروں کی عدم دلچسپی سے پہلے ہی زوال پذیر ہے اس لیے وفاقی حکومت کی طرف سے لگائے جانے والے نئے ٹیکسوں اور ٹیکسوں کی شرح میں اضافہ کو یکسر مسترد کیا جاتا ہے کیونکہ ٹیکسوں میں ظالمانہ اضافہ کرنے سے قبل ٹرانسپورٹ تنظیموں سے مشاورت بھی نہیں کی گئی ۔

(جاری ہے)

چوہدری سہیل اشرف وڑائچ نے بتایا کہ گزشتہ روز لاہور میں پاکستان موٹر ٹرانسپورٹ فیڈریشن کا ایک اجلاس زیر صدارت سید لیاقت حسین شاہ منعقد ہوا جس میں فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل باور حیات ،جوائنٹ سیکرٹری ظہور احمد بٹ اور دیگر عہدیداران کے علاوہ مختلف ریجن کے نمائندگان نے شرکت کی ۔

اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے پسنجر ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کرنے کے لیے خصوصی توجہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔اس موقع پر چارٹر آف ڈیمانڈ بھی پیش کیا گیا جس میں کہا گیا کہ اس ظالمانہ ٹیکس ویلیو ٹیکس کی نئی شرح کا فیالفور خاتمہ کیا جائے ،قومی شاہراہ پر ناجائز اضافی ٹول پلازے ختم کیے جائیں ،ٹول ٹیکس کی شرح میں آئے روز اضافہ نہ کیا جائے ،موٹر ویز پولیس کو پابند کیا جائے کہ پسنجر ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے بلاجواز چالان پر چالان نہ کیے جائیں ،ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بار بار اضافہ نہ کیا جائے بلکہ اس کی قیمت مستحکم رکھنے کے لیے اقدامات کیے جائیں ،صوبائی حکومت پنجاب ہائی سپیڈ دیزل کی قیمت میں اضافہ کے مطابق نان اے سی پسنجر ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے کرائی کی شرح میں جلد از جلد اضافہ کرئے اور صوبہ پنجاب میں واقع ہر جنرل بس اسٹینڈ پر اڈا فیس یکساں شرح سے نافذ کی جائے اور اڈا فیس کی وصولی کی چیک پوسٹ ختم کی جائیں ۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں