بٹگرام، مقتول نوجوان اختر حسین کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار

جمعرات 22 نومبر 2018 11:30

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2018ء) بٹگرام پولیس نے نوجوان کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس حوالہ سے ڈی ایس پی فرمان اختر نے مقتول نوجوان اختر حسین کے والد کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ بٹگرام پولیس نے مقتول نوجوان اختر حسین کے قاتل کو چند گھنٹوں کے اندر گرفتار کیا، نوجوان کے قتل کے بعد ڈی پی او بٹگرام عبدالرئوف بابر قیصرانی کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ایس ایچ او وارث خان اور ایس ایچ او کوزہ بانڈہ عبدالستار نے فوری طور پر نفری کو الرٹ کیا۔

پولیس نے سرخیلی بانڈہ میں ملزم کی بہن کے گھر پر چھاپہ کے دوران ملزم کو گرفتار کیا ہے۔ ڈی ایس پی فرمان اختر نے کہا کہ بٹگرام پولیس ہر وقت چوکس ہے اور انشاء الله مقتول کے والد جاوید کو انصاف ہر صورت میں فراہم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پربات چیت کرتے ہوئے مقتول اختر حسین کے والد نے کہا کہ اختر حسین میرا واحد سہارا تھا چونکہ وہ مرگی کا مریض ہے اور اختر حسین ہوٹل میں محنت مزدوری کر کے ہمارے گھر کا واحد خود کفیل تھا۔ انہوں نے بٹگرام پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بٹگرام پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جس پر میں ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ میرے ساتھ ہونے والے ظلم کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

بٹگرام میں شائع ہونے والی مزید خبریں