واپڈا اور گجبوڑی کے عوام کے درمیان تنازعہ خوش اسلوبی طے

جمعرات 25 اپریل 2019 15:25

بٹگرام ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) واپڈا اور گجبوڑی کے عوام کے درمیان تنازعہ خوش اسلوبی کے ساتھ طے ہونے کے بعد ختم ہو گیا، بجلی کے نئے بجلی میٹرز لگانے پر اتفاق کرتے ہوئے سابق بل بقایا جات کم کر کے قسط وار ادا کرنے پر اہلیان علاقہ نے رضامندی ظاہر کر دی۔ اس حوالہ سے گجبوڑی میں ایک گرینڈ جرگہ منعقد ہوا جس میں ایس ڈی او واپڈا بٹگرام محمد عمر سمیت واپڈا کے ذمہ داروں اور اے سی بٹگرام عمران خان جدون نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

(جاری ہے)

جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے اے سی بٹگرام عمران خان جدون نے کہا کہ موجودہ ایس ڈی او واپڈا بٹگرام چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والا شخص ہے، گائوں گجبوڑی بجلی کا مسئلہ 15 سالوں سے چلا آ رہا ہے، آپ لوگ ایس ڈی او واپڈا بٹگرام پر اعتماد کرتے ہوئے ان کے ساتھ معاملات طے کریں، انہیں امید ہے کہ وہ عوام کی ہی فیور کریں گے۔ جرگہ سے تحصیل نائب ناظم حضرت یوسف، حاجی لاجبر خان، محمد رفیق خان اور مولانا ضیاء الله دیشانی نے خطاب کرتے ہوئے واپڈا کی جانب سے عوام دشمن رویہ پر روشنی ڈالی۔ ایس ڈی او واپڈا بٹگرام محمد عمر نے جرگہ عمائدین کو یقین دلایا کہ وہ عوام کے امنگوں پر پورا اتر کر گجبوڑی سے بل بقایا جات کا خاتمہ کریں گے۔

بٹگرام میں شائع ہونے والی مزید خبریں