بٹگرام میں شہری نے اپنے خاندان کے 5 افراد کو قتل کردیا

ملزم کی شناخت جہانزیب خان کے نام سے ہوئی ہے، جس نے پولیس کے پہنچنے سے قبل دونوں بیویوں، بیٹا اور بہو کو قتل کردیا تھا

جمعہ 29 مئی 2020 22:15

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2020ء) خیبر پختونخوا (کیپی) کے ضلع بٹگرام میں حبس میں بے جا رکھے ہوئے افراد کی بازیابی کی کوشش کے دوران ایک شہری نے اپنے ہی خاندان کے 5 افراد کو قتل کردیا۔پولیس کے مطابق مسلح شخص کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 3 بچوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) بٹگرام طارق سہیل نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کا اطلاع ملی تھی کہ ضلع بٹگرام کے علاقے پازنگ میں مسلح شخص نے اسلحے کی نوک پر رکھا ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملزم کی شناخت جہانزیب خان کے نام سے ہوئی ہے، جس نے پولیس کے پہنچنے سے قبل دونوں بیویوں، بیٹا اور بہو کو قتل کردیا تھا۔پولیس افسر نے بتایا کہ تین بچوں کو بازیاب کروالیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پولیس نے بچوں کو چھڑانے کے لیے ملزم کو مصروف رکھنے کی کوشش کی تاہم ملزم نے انہیں رہا کرنے سے انکار کیا جبکہ وہ خود مسلح تھا۔ڈی پی او نے کہا کہ مسلح شخص نے پولیس پر بھی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا ،جوابی فائرنگ سے ملزم بھی ہلاک ہوگیا۔

واقعہ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ پولیس نے جن بچوں کو بحفاظت بازیاب کروایا ہے ان کی عمریں 2 سال سے 17 سال کے درمیان ہیں۔طارق سہیل کے مطابق پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ڈی پی بٹگرام نے کہا کہ پولیس اس وقت قتل کے واقعے کے پیچھے محرکات سے لاعلم ہے،پولیس ملزم کی ذہنی حالت کے بارے میں بھی معلومات اکٹھی کررہی ہے۔

بٹگرام میں شائع ہونے والی مزید خبریں