علی امین گنڈا پورکو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر لاہور پولیس کے حوالے کر دیا گیا

بھکر کے سنیئر سول جج نے کیس کا فیصلہ سنا دیا،پی ٹی آئی رہنما کیخلاف تھانہ ریس کورس پارک میں مقدمہ درج ہے

Abdul Jabbar عبدالجبار بدھ 19 اپریل 2023 11:47

علی امین گنڈا پورکو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر لاہور پولیس کے حوالے کر دیا گیا
بھکر ( اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 19 اپریل 2023ء) تھانہ ریس کورس پارک لاہور میں درج مقدمے کا معاملہ،بھکر کی عدالت نے علی امین گنڈا پور کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر لاہور پولیس کے حوالے کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق بھکر کے سنیئر سول جج نے پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کو لاہور پولیس کے حوالے کرنے سے متعلق کیس کا محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے علی امین گنڈا پور کو ایک روزہ راہدری ریمانڈ پر لاہور پولیس کے حوالے کر دیا۔

سابق وفاقی وزیر کیخلاف لاہور کے تھانہ ریس کورس میں دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔ جبکہ عدالت نے داجل چیک پوسٹ ہنگامہ آرائی کیس میں علی امین گنڈا پور کی ضمانت منظور کی تھی،پولیس نے سنیئر سول جج بھکر کی عدالت میں پی ٹی آئی رہنما کو پیش کیا،پولیس نے عدالت کو بتایا کہ علی امین گنڈا پور کیخلاف داجل چیک پوسٹ ہنگامہ آرائی کا مقدمہ درج ہے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں عدالت نے ہنگامہ آرائی کیس میں ان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کی طبیعت خراب ہونے کے باعث انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ حکام نے بتایا کہ علی امین گنڈا پور نے طبیعت کی خرابی کی شکایت کی تھی جس پر انہیں طبی معائنے کیلئے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا۔

اسپتال ذرائع نے بتایا کہ ماہر امراض دل،میڈیکل اسپیشلسٹ اور نیورو سرجن نے طبی معائنہ کیا۔ ایس ایچ او تھانہ صدر کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کا مکمل طبی معائنہ کروانے کے بعد انہیں دوبارہ تھانے منتقل کر دیا گیا۔ صدر پی ٹی آئی یوتھ ونگ نے مطالبہ کیا کہ علی امین کو دل کی تکلیف ہے مگر دوبارہ حوالات بھیج دیا گیا،انہیں سینے میں درد کی شکایت ہے لہٰذا اسپتال منتقل کیا جائے۔

بھکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں