ٹھپہ مافیا کا دور گزر چکا ہے ،عوام اپنا فیصلہ خود کریں گے ،حیات خان اچکزئی

عوام کی طاقت سے 8 فروری کو کامیابی پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی ہو گی ،اعظم خان اچکزئی

ہفتہ 3 فروری 2024 21:20

چمن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2024ء) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اعظم خان اچکزئی اور حیات خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ٹھپہ مافیا کا دور گزر چکا ہے عوام اپنا فیصلہ خود کریں گے عوام کی طاقت سے 8 فروری کو کامیابی پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی ہو گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلی محمود حاجی فیض اللہ آکا کی رہائش گاہ پر شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پشتونخوانیپ کے نامزد اٴْمیدوار اپنے غیورعوام سے قیمتی ووٹ اپنے سیاسی فکر، نظریے، بیانیے، سیاسی جمہوری جدوجہد، قربانیوں اور کردار کی بنیاد پر مانگ رہے ہیں، پارٹی اکابرین نے ہمیشہ اپنے عوام کی امیدوں پر پورا اترے ہوئے ملکی ایوانوں میں بہترین نمائندگی کی ہے عبد الرحیم خان مندوخیل، ملی شہید عثمان خان کاکڑ، رضا محمد رضا کی قومی اسمبلی سینٹ اور نصر اللہ خان زہری کی صوبائی اسمبلی میں نمائندگی اور ہر قسم کی ظلم اور جبر کے خلاف آواز بلند کرکے مظلوم عوام کی مسلسل ترجمانی کرتے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مقررین نے پارٹی میں شمولیت کرنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ عوام حقیقی ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں کیونکہ پی ڈی ایم پارٹیوں نے عوام پر مہنگائی، بیروزگاری اور غربت مسلط کرکے بڑا ظلم کیا اور سیاست پر عوام کے اعتماد کو سخت ٹھیس پہنچائی، آئی ایم ایف اور دیگر استعماری مالیاتی اداروں کے ساتھ معاہدے کرکے عوام پر مہنگائی کی شکل میں عذاب مسلط کیا اور پی ڈی ایم میں شامل پارٹیوں نے حکومت کے دوران مختلف طریقوں سے اپنے بینک بلنس اور جائیدادیں بنائیں اورعوام کی فلاح و بہبود کے لیے کچھ بھی نہیں کیا۔

مقررین نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ 8 فروری کو انتخابات میں کامیابی کیلئے گھر گھر جا کر پارٹی کے پیغام کو لوگوں تک پہنچائیں اور 8 فروری کو پشتونخوانیپ کے انتخابی نشان انگور کا خوشہ پر مہر لگا کر پشتون دوستی کا ثبوت دیں۔

چمن میں شائع ہونے والی مزید خبریں