چیچہ وطنی، ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام یوم اقبال کے سلسلے میں سیمینار کا انعقاد

پیر 22 اپریل 2019 18:01

چیچہ وطنی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام یوم اقبال کے سلسلے میں ایک سیمینار ’’فکر اقبال اور نوجوانوںکی کردار سازی‘‘ کے عنوان سے ہوا۔ تقریب کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر افتخار شفیع نے کی اور پروفیسر مسعود آفریدی اور ڈاکٹر رانی آکاش نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔پروفیسر ڈاکٹر افتخار شفیع نے فکرِ اقبال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عصر حاضر میں نئی نسل کی تربیت کے لیے فکرِاقبال کو مشعلِ راہ بنانے کی ضرورت ہے ۔

وقت کے ساتھ ساتھ زمانے کے بدلتے انداز نئی باتوں اور تقاضوں کے دروا کر رہے ہیں،اس صورت حال میں اقبال کی فکر کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے،اقبال فکروعمل کا شاعر ہے اور جہد مسلسل پر آمادہ کرتا ہے۔

(جاری ہے)

پروفیسر مسعود آفریدی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اقبال عمل کا شاعر ہے اس کا پیغام امید ہے ۔وہ فکرو دانش کا علم بردار ہے ۔و ہ علم کی شمع روشن کرتا ہے اور نوجوان کو غربت کے دائروں سے باہر نکلنے کا پیغام دیتا ہے۔

غریب پیدا ہونا جرم نہیں،غریب مرنا جرم ہے۔اپنی دنیا آپ پیدا کرو اگر زندوں میں ہو۔ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی نے کہا کہ پاکستانی قوم کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے۔یہی نوجوان ہمارا مستقبل اور سرمایہ ہیں۔ہمیں بحثیت مجموعی فکریات اقبال کی روشنی میں اپنے نوجوانوں کی تربیت کرنا ہوگی تاکہ ہم ایک توانا اور صحت مند قوم کے طورپر ابھر سکیں۔

ڈاکٹر رانی آکاش نے کہا کہ فکر اقبال میں نوجوانوں کو خاص اہمیت دی گئی ہے جس سے اقبال کو بہت سی امیدیں تھیں۔آج فکر اقبال کی روشنی میں یہ نسل واضح پیغام حاصل کر سکتی ہے کہ قرآن و سنت پر عمل پیرا ہوکر ہم کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتے ہیں۔ نوجوانوں نے اس تقریب کو اپنے لیے مفید اور موثر قرار دیتے ہوئے آرٹس کونسل کی کاوش کو سراہا۔

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں