چترال میں سنو پختونخوا ایف ایم 96 سٹیشن کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا

اتوار 24 مارچ 2024 19:10

چترال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2024ء) چترال میں سنو پختونخوا ایف ایم 96 سٹیشن کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا۔ یوم پاکستان کے موقع پر منعقدہ افتتاحی تقریب میں رکن قومی اسمبلی غزالہ انجم، ڈپٹی کمشنر لوئر چترال محمد عمران یوسفزئی، کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس محمد بلال جاوید، سنو سکینگ کی ایوارڈ یافتہ کھلاڑی عزیزہ گل،صدر چترال پریس کلب ظہیرالدین ، ڈائریکٹر نیوز اینڈ کرنٹ افیئرز سنو پختونخوا عقیل یوسفزئی اور مختلف سیاسی ، حکومتی، سماجی اور ثقافتی شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی غزالہ انجم کا کہنا تھا کہ سنو پختونخوا چترال سٹیشن کے قیام سے چترال کی سماجی، تعلیمی اور ثقافتی سرگرمیوں اور انکے فروغ کو بہتر انداز میں اجاگر کرنے کا راستہ ہموار ہوگا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر لوئر چترال محمد عمران یوسفزئی نے کہا کہ چترال خصوصی جغرافیائی اہمیت کا حامل خطہ ہے، سنو چترال کی نشریات سے عوام مسائل حل کرنے میں مددملے گی۔

سول انتظامیہ کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انکی پوری ٹیم 24گھنٹے کسی بھی مسئلے کے حل اور تعاون کیلئے تیار رہے گی۔کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس محمد بلال جاوید نے کہا کہ سنوپختونخوا ملک کے دفاع کیلئے فورسز کے جوانوں کی قربانیوں سے عوام کو مزیدآگاہ کرنے اور شعور بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ڈائریکٹر نیوز اینڈ کرنٹ افیئرز سنو پختونخوا عقیل یوسفزئی نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سنو چترال میں بیک وقت چترالی، پشتو اور اردو زبان میں خبریں، لائیو پروگرامز، فیچر رپورٹس، چترال کے مسائل، ثقافت، تاریخ اور عوامی رائے پر مبنی رپورٹس نشر کی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سنو پختونخوا کی جانب سے چترال کے عوام کیلئے یوم پاکستان پر تحفہ دیا گیا ہے اور امید ظاہر کی کہ یہ کاوش چترال کے مسائل کے علاوہ یہاں کی خوبصورتی اور جغرافیائی اہمیت کو اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں