وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے 120میٹر شاہ سلطان برج مظفرآباد کا افتتاح کر دیا

جمعرات 7 مارچ 2024 23:14

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2024ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے 528.321 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے120میٹر شاہ سلطان برج مظفرآباد کا افتتاح کر دیا۔متعلقہ حکام نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو منصوبے کے کام کے معیار اور بروقت تکمیل کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر سینئر موسٹ وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور، اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد،وزراء کرام فیصل ممتاز راٹھور، سردار جاوید ایوب، راجہ محمد صدیق خان، دیوان علی خان چغتائی،نثار انصر ابدالی، اکمل سرگالہ،سردار میر اکبر خان، چوہدری محمد رشید، چوہدری یاسر سلطان،جاوید بٹ،فہیم اختر ربانی،ملک محمد ظفر، عاصم شریف بٹ، چوہدری قاسم مجید،محترمہ تقدیس گیلانی، سیکرٹریزحکومت،سربراہان محکمہ جات، خواتین اور شہریوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ ہم سب ریاست کے وسائل کے امانت دار ہیں،آزادکشمیر سے علاقائی ازم،برادری ازم،کرپشن، میرٹ کی پامالی کو ختم کر کے دم لوں گا،اعلانات کا قائل نہیں ہوں، عوامی منصوبے زمین پر نظر آئیں گے،عوام کے ٹیکسوں پر بننے والی حکومت کے وزیراعظم اور کابینہ عوامی منصوبوں اور حکومت کی کارکردگی کے حوالہ سے ریاست کے ہر شہری کو جوابدہ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے شاہ سلطان برج کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں کی ایک ایک پائی کا حساب دیں گے،عوامی پیسوں پر کسی کو عیاشی نہیں کر نے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تک آزادکشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 43ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں اگر کسی ایک جگہ بھی کرپشن نظر آئے تو نشاندہی کریں۔

انہوں نے کہا کہ 15مارچ تک ٹیوٹا کو ڈیڈ لائن دی ہے کہ وہ دیگر ادارہ جات میں نوجوانوں کو ٹیکنیکل کورسز شروع کروائیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہیلتھ انفراسٹرکچر میں بہتری لا رہے ہیں،عباس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے لیے اضافی تیس کنال رقبہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امبور کے علاقہ کو ہیلتھ سٹی بنائیں گے،پبلک سروس کمیشن، احتساب بیورو اور اینٹی کرپشن کوفعال ادارہ بنا دیا ہے، مخلوق خدا کی خدمت اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی ،عوام کی خوشحالی، مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور اس کے پاکستان کے ساتھ الحاق تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں