دادو، پڑوسی کی دیوار گرنے سے تین بچے جاں بحق، ایک زخمی

اتوار 6 جون 2021 17:30

دادو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2021ء) دادو کے نواح میں میہڑ بائی پاس روشن تارا اسکول کے قریب پڑوسی کی دیوار گرنے کے باعث ریٹائرڈ ٹیچرسکندرکولاچی کے تین بچے جاں بحق اور ایک بچی زخمی ہو گئی۔میہڑ میں طوفانی ہوا اور بارش نے تباہی مچا دی، میہڑ بائی پاس روشن تارا اسکول کے قریب پڑوسی کے گھر کی دیوار گرنے سے ایک ہی گھر کے چار بچوں کو زخمی نازک حالت میں سول ہسپتال میہڑ منتقل کیا گیا۔

تینوں بھائی علاج کے دوران دم توڑ گئے اور ایک بچی کو سیریس حالت میں چانڈکاہسپتال لاڑکانہ منتقل کیا گیا ہے۔جاں بحق ہونے والے تینون بھائیوں کی میتیں قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردے گئیں۔ جاں بحق ہونے والے بچوں میں 10 سالہ احمد کولاچی، 12 سالہ عبدالنبی اور بلاول کولاچی شامل ہیں جبکہ زخمی بچی کا نام شمائلہ ہے، واقعے کے بعد گھر میں کہرام مچ گیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سندھ کے مختلف اضلاع میں رات گئے چلنے والی آندھی اور طوفانی ہوائوں سے متعدد درخت اور بجلی کے پول گر گئے۔کئی علاقوں میں مٹی کے طوفان اور بارش کے بعد بجلی اور مواصلاتی نظام کی بحالی کا کام جاری ہے۔گزشتہ رات چلنے والی آندھی اور طوفانی ہواوں کی وجہ سے کئی مقامات پر درخت اور بجلی کے پول گر گئے تھے جس کی وجہ سے ان علاقوں میں بجلی معطل ہو گئی تھی۔

دادو میں شائع ہونے والی مزید خبریں