وزیراعظم شہبازشریف کا دادو کے گائوں جھاکرومیں سیلاب متاثرین کی خیمہ بستی کا دورہ، سہولیات کاجائزہ لیا

منگل 27 ستمبر 2022 22:21

وزیراعظم شہبازشریف کا دادو کے گائوں جھاکرومیں سیلاب متاثرین کی خیمہ بستی کا دورہ، سہولیات کاجائزہ لیا
دادو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2022ء) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ضلع دادو کے گائوں جھاکرومیں سیلاب متاثرین کیلئے قائم خیمہ بستی کا دورہ کیا اور ان کو دی جانے والی سہولیات کاجائزہ لیا۔ اس موقع پروزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ بھی موجود تھے۔ وزیراعظم کو ضلع دادو میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات ، امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ سیلاب سے ضلع میں اب تک 37 افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہوئے ہیں ، زخمیوں کی تعداد میں روزانہ اضافہ ہورہا ہے،اس کے علاوہ لاکھوں ایکڑ پر چاول اوردیگر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں، لاکھوں جانور بھی بہہ گئے ہیں۔ سیلابی پانی کھڑاہونے کی وجہ سے گندم کی بوائی تاخیر کا شکار ہے، پانی نکالنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور امید ہی8 سے 10 دن میں پانی نکال لیا جائیگا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ سیلاب متاثرین کے لئے پورے ضلع میں 17 خیمہ بستیاں اور 200 سے زائد امدادی کیمپ قائم کئے گئے ہیں۔ 215 سے زائد امدادی کیمپ قائم کئے گئے ہیں۔ مسلح افواج اور سول اداروں کے اہلکار ریسکیو ، ریلیف اور بحالی کے عمل میں مل کر کام کررہے ہیں اور امدادی کیمپوں میں متاثرین کو تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ سیلاب متاثرین کے لئے میڈیکل کیمپس بھی قائم کئے گئے ہیں۔

سیلاب سے ضلع کے تمام علاقے متاثرہوئے ہیں۔ خیموں اوردیگر اشیا کی ضرورت ہے۔ لوگوں کے گھروں میں جانے کیبعد انہیں رہائش کے لئے مزید خیمے بھی چاہئے ہوں گے۔ اس کے علاوہ واٹر سپلائی ، سڑکوں ، ہسپتالوں ، سکولوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو کے لئیبھی وافر فنڈز کی ضرورت ہو گی۔ وزیراعظم نے خیمہ بستی میں سیلاب متاثرین کے لئے قائم میڈیکل کیمپ کا بھی دورہ کیا اور زیر علاج مریضوں سے طبی سہولیات سے متعلق دریافت کیااور انہیں یقین دلایاکہ علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعظم خیمہ بستی میں قائم عارضی سکول بھی گئے اور انہوں نے متاثرہ بچوں سے بات چیت کی۔اس موقع پر وزیراعظم نیمتاثرہ بچوں کو بہترین تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لئے سمارٹ سکول بنانے کابھی اعلان کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ بات انتہائی باعث مسرت ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے سب مل کر کام کررہے ہیں اور مشکل وقت میں متاثرین کی مدد کی جا رہی ہے۔وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے لئے کئے جانیوالے اقدامات کو سراہا۔

دادو میں شائع ہونے والی مزید خبریں