نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کا سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ

ملالہ نے چھنڈن دیہ میں ٹینٹ سٹی کا معائنہ کیا، سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اوران کے ساتھ گھل مل گئیں

بدھ 12 اکتوبر 2022 22:06

نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کا سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ
دادو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2022ء) نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے جوہی ڈسٹرکٹ دادو کے سیلاب زدہ علاقے چھنڈن کا دورہ کیا۔ ملالہ یوسفزئی کے ساتھ وزیرصحت ڈاکٹرعذرا پیچوہو، وزیر تعلیم سید سردار شاہ بھی تھے۔ملالہ نے چھنڈن دیہ میں ٹینٹ سٹی کا معائنہ کیا، سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اوران کے ساتھ گھل مل گئیں۔ سیلاب متاثرہ خواتین نے ملالہ کو کیمپ میں خوش آمدید کیا، وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے سیلاب ست متعلق ملالہ یوسفزئی کو بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ 12000 اسکولوں میں 20 لاکھ بچوں کی تعلیم متاثر ہوئی ہے۔ ابھی بہت سارے علاقے ہیں جہاں پانی موجود ہے۔ پانی کی نکاسی کے بعد مزید سروے کرکے اسکولوں کے نقصانات کا تعین کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ملالہ یوسفزئی نے تعلیمی اداروں اور بچوں کی تعلیم متاثر ہونے پر تشویش کا اظہار کیا، انھوں نے کیمپ میں خواتین کے ساتھ بیٹھ کر ان کے مسائل بھی سنے۔

اس موقع پرملالہ یوسفزئی نے کہا کہ آپ بہادر خواتیں ہیں۔ آپ اس مشکل وقت کا مقابلہ کر رہی ہیں۔ملالہ یوسفزئی نے ایم این وی بند پرسیلابی پانی کا معائنہ کیا، اس موقع پر ڈی سی دادو مرتضی شاہ نے انھیں بریفنگ دی۔ملالہ یوسفزئی نے بند پر رہنے والے خاندانوں اور بچوں سے بھی ملاقات کی۔ملالہ یوسف زئی اور ضیا الدین یوسف زئی کا سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کا مقصد متاثرین کی مدد کرنا ہے۔

دادو میں شائع ہونے والی مزید خبریں