ڈی آئی خان، رشتے تنازعے میں پوندہ قبیلے کے دو فریقین میں تصادم ،دو افراد جاں بحق

جمعہ 13 جولائی 2018 22:58

ڈی آئی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جولائی2018ء) خواتین کے رشتہ کے تنازع میں پوندہ قبیلے کے دو فریقین میں مسلح تصادم سے دو افراد جاں بحق اورایک زخمی ہوگیا ،ایک ملزم کو زخمی حالت میں پستول سمیت گرفتار کرلیاگیاپولیس نے دونوں جانب کے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

(جاری ہے)

ڈیرہ چشمہ روڈ تھانہ پہاڑپور کی حدود روحلہ اڈہ کے قریب پوندہ قبیلے سلیمان خیل کے دو گروہوں کا آمنا سامنا ہوگیا اور دونوں جانب کے ملزمان کے ایک دوسرے پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک جانب تیس سالہ افسر خان ولد عمر خان قوم سلیمان خیل سکنہ کنڈل جاں بحق جبکہ اس کا بھانجا ستائیس سالہ عجب خان ولد مرزا خان زخمی ہوگیا ۔

فائرنگ کے تبادلے میں دوسری جانب35 سالہ اصل دین خان ولد جمعہ خان قوم سلیمان خیل سکنہ روحلہ بھی قتل ہوگیا۔واقعے کی اطلاع پر پولیس فوری موقع پر پہنچ گئی اور ایک ملزم عجب خان کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے پسٹل بھی برآمد کرلیا۔مقتولین کی لاشیں پوسٹمارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں ۔پولیس نے دونوں جانب کے ملزمان کے خلاف قتل ،اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں