پولیس کی فرض شناسی کے باعث ڈیرہ پولیس کا مورال بلند ہوا ہے، ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ

جمعرات 23 مئی 2019 19:03

ڈیرہ اسماعیل خان۔ 23 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ کیپٹن (ر) فیروز شاہ نے اپنے دفتر میں چندروز قبل علاقہ تھانہ کینٹ کی حدود عید گاہ میں ہونے والے قتل کے واقع میں فوری طور پر ملزم کی آلہ قتل سمیت گرفتاری اور کیس کو مکمل ٹریس کرنے والے پولیس افسران کو ان کی بہترین حکمت عملی اور اچھی کار کردگی دکھانے پر شاباش دی اور نقد انعامات سے نوازا ۔

اس موقع پر ضلع پولیس سربراہ سلیم ریاض بھی موجود تھے جن کی براہ راست سر پرستی میں اس پورے واقع کی باریک بینی سے چھان بین کی گئی اور فوری طور پر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے اصل ملزم کو واقعے کے دو گھنٹوں کے اندر گرفتار کر کے باقاعدہ طور پر ایف آئی آر چاک کر کے پا بند سلاسل کیا ۔

(جاری ہے)

ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ کیپٹن (ر) فیروز شاہ نے ضلعی پولیس آفیسر ڈیرہ کی جانب سے اس مقدمہ کو ٹریس کرنے کے حوالے سے فوری طور پر بنائی گئی ٹیم جس کی سرپرستی از خود ڈی پی اوڈیرہ نے کی جس میں ڈی ایس پی سٹی سرکل ڈیرہ سید افتخار علی شاہ،ڈی ایس پی سی ٹی ڈی گل رؤف ،انچارج تفتیش تھانہ کینٹ انسپکٹر سیف الرحمن خان اور انچارج ڈی ایس بی ڈیرہ سمیع اللہ ساہی کو نقد انعامات سے نوازا ۔

ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ کیپٹن (ر) فیروز شاہ نے اس واقعے کے حوالے سے بہترین کارکردگی دکھانے والے پولیس افسران اور جوانوں سے کہا کہ پولیس کی بہترین حکمت عملی اور فوری کاروائی کی نتیجہ میںاس واقعے کے حقائق سامنے آئے اور ملزم کیفر کردار تک پہنچایا ۔پولیس کی اس فرض شناسی کے باعث ڈیرہ پولیس کا مورال بلند ہوا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مجھے امید ہے کہ ڈیرہ پولیس کے تمام اہلکار اسی طرح اپنی ڈیوٹی پوری ایمانداری سے نبھائیں گے اور ہمیشہ ثابت قدم رہیں گے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں