سوئس ایجنسی فار ڈیویلپمنٹ ہیومن رائٹس کے زیراہتمام سیمینار کا انعقاد

جمعرات 17 اکتوبر 2019 18:14

ڈیرہ اسماعیل خان۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) سوئس ایجنسی فار ڈیویلپمنٹ ہیومن رائٹس کے زیراہتمام سیمینار کا انعقادکیاگیا جس کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دلاور خان بنگش تھے۔ سیمینار میں شعبہ تفتیش اورآپریشنل اسٹاف کے افسران نے شرکت کی۔سیمینارمیں سوئس ایجنسی فار ڈیویلپمنٹ ہیومن رائٹس کی طرف سے افغان مہاجرین کے بارے میں اور مختلف مقدمات میں انوسٹی گیشن کے جدید طریقوں کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دلاور خان بنگش نے سوئس ایجنسی فار ڈیویلپمنٹ آف ہیومن رائٹس کی جانب سے سیمینار کے انعقاد کرانے پر ان کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ اس قسم کے سیمینار منعقدہونے چاہئیں تاکہ جدید تفتیش کے طریقوں سے پولیس آشنا ہو سکے اور پولیس بھی اپنے فرائض منصبی خلوص نیت اورایمانداری کے ساتھ سرانجام دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پولیس کے جوانوں سے کہا اللہ پاک نے آپ کو اس وردی کی وجہ سے عزت دی ہے اس عزت کو برقراررکھیں۔ عوام کی پولیس سے بڑی امیدیں وابستہ ہوتی ہیں انکی امیدوں کونہ ٹوٹنے دیں۔ کسی کے ساتھ زیادتی نہ کریں بلکہ قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائیں۔اس موقع پر ڈی پی او ڈیرہ دلاور خان بنگش نے شعبہ تفتیش اور آپریشنل اسٹاف کے افسران میں تعریفی اسنادبھی تقسیم کیں اور آخر میں پراجیکٹ ڈائریکٹر خیبر پختونخوا نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دلاور خان بنگش کو شیلڈ پیش کی۔

متعلقہ عنوان :

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں