کلاچی تحصیل میں ٹیوب ویلوں اور دیگر منصوبوں کیلئے 10کروڑ روپے کا اعلان

پیر 24 فروری 2020 23:37

ڈی آئی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2020ء) خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی لیاقت خان خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت صوبے کے تمام اضلاع میں مساوی ترقیاتی کاموں کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ تاہم PK-99 کے عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر آبپاشی لیاقت خٹک نے ڈیرہ اسمعیل خان کی تحصیل کلاچی میں منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجتماع سے پی کے 99 سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی آغاز خان گنڈاپور، ابراہیم خان خٹک اور عاریز خان گنڈاپور نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر محکمہ آبپاشی کے حکام سمیت مقامی معززین اور ہزاروں کی تعداد میں عام لوگوںنے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر آبپاشی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کلاچی میں ٹیوب ویلوں اور دیگر منصوبوں کے لئے دس کروڑ روپے کا اعلان کیا انہوں نے محکمہ آبپاشی کے حکام کو ہدایت دی کہ گومل زام ڈیم کے باقی ماندہ منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ کلاچی کی لاکھوں ایکڑ پر محیط بنجر زمینوں کو آباد کیا جاسکے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ کلاچی مجھے نوشہرہ کی طرح عزیز ہے کیونکہ میرے آغاز خان گنڈاپور کے خاندان کے ساتھ 70 کی دہائی سے مراسم ہیں۔جب تک وزیر ہوں اس علاقے کے لئے ہر سال سپیشل فنڈ منظور کرانے میں اپنا کردار ادا کروں گا۔ سردار آغاز خان گنڈاپور نے وزیر آبپاشی کو تحصیل کلاچی کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کلاچی کے جملہ مسائل کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں نہریں ہیں انکے کنارے بلیک ٹاپ سڑکیں سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کی جائیںاورمحکمہ آبپاشی، کلاچی کے آخر ی کنارے کے کھیتوں تک پانی کی رسائی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے تاکہ کلاچی کی بنجر زمینوں کو نہری پانی ملنے سے لاکھوں ایکڑاراضی قابلِ کاشت بنائی جا سکے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں