زراعت ودیہی ترقی کو سائنسی بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے زرعی ماہرین و سائنسدانوں کو مربوط کاوشیں عمل میں لانا ہوں گی، پروفیسرڈاکٹرشکیب اللہ

منگل 16 اپریل 2024 19:57

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے کہا ہے کہ زراعت اور دیہی ترقی کو سائنسی بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے زرعی ماہرین اور سائنسدانوں کو مربوط کاوشیں عمل میں لانا ہوں گی تاکہ غذائی استحکام اور تخفیف غربت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل، زمین، پانی اور توانائی کے بہترین استعمال اور ان کے ثمرات سے فائدہ اٹھانے کے لئے جدید طریقہ کار کو اپنانا ہو گا تاکہ زمین کی زرخیزی اور پانی کی کمیابی جیسے چیلنجز سے نبردآزما ہوا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں فارغ التحصیل طلبا کی مالی معاونت سے ایلومنائی سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا تاکہ ایلومنائی کے مابین رابطوں کو فروغ دے کر زراعت کے مسائل کے حل کے لئے مشترکہ کاوشیں عمل میں لائی جا سکیں۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کے لئے تربیت یافتہ اور پیشہ وارانہ افرادی قوت ناگزیر ہے تاکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی میں ترقی کو یقینی بناتے ہوئے مستحکم معیشت کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ طلبا میں لیڈرشپ خصوصیات پیدا کرنے کے لئے خاص توجہ دینا ہو گی تاکہ مستقبل کے معمار زندگی میں آنے والے مشکل لمحات کا باآسانی مقابلہ کر سکیں۔ انہوں نے طلبا پر زور دیا کہ وہ حصول علم کے لئے اپنی بھرپور توانائیاں وقف کریں تاکہ وہ روشن مستقبل کے حصول کے ناصرف اپنے خاندان بلکہ ملکی ترقی میں بھی کردار ادا کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں