ڈسٹرکٹ جوڈیشری ڈیرہ میں بہتری اور اصلاحات کو عمل تیزی سے جاری

جمعہ 19 اپریل 2024 17:13

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) پشاور ہائی کورٹ پشاور کے احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عثمان ولی خان کی خصوصی دلچسپی اور کاوشوں کے باعث ضلع عدلیہ ڈیرہ میں بہتری اور اصلاحات کا عمل تیزی کے ساتھ جاری ہے ،ڈسٹرکٹ جوڈیشری ڈیرہ میں زیر التواءتمام مقدمات کو کمپیوٹرائزڈ نظام پر منتقل کردیاگیا ہے جس کی بدولت تمام سائلین کو اپنے مقدمات کی تمام تر فوری معلومات ایک چھت کے نیچے انفارمیشن سنٹر میں فراہم کی جارہی ہیں ،جسٹس وقار احمد سیٹھ جوڈیشل کمیلکس ڈیر ہ میں سائلین کو ریلیف اورتمام تر سہولیات فوری فراہم کرنے کے لئے ریونیو ریکارڈ کا قیام ،ایف آئی آر ڈیسک ،ہیلتھ یونٹ اور پوسٹ آفس قائم کردیئے گئے ہیں جن سے سائلین کو تمام تر جدید سہولیات ایک ہی مقام پر دستیاب ہونے سے ان کے مسائل کے حل میں بہت مدد مل رہی ہے،ڈسٹرکٹ جوڈیشری ڈیرہ میں سائلین آگاہی مہم کا آغاز کیاگیا جس میں غریب نادار اورمستحق سائلین کو مفت قانونی معاونت بذریعہ وکیل مہیا کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

ضلع عدلیہ ڈیرہ کے جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق ضلع عدلیہ ڈیرہ اسماعیل خان میں رواں سال 2024 میں مارچ تک کل 6793 مقدما ت نمٹائے گئے ، جن میں ماہ جنوری کے دوران 2224 مقدمات ،ماہ فروری کے دوران 1959جبکہ ماہ مارچ کے دوران 2382 مقدمات کے فیصلہ کیے گئے ،اور یوں ضلع عدلیہ ڈیرہ میں دائر کل مقدمات کی تعداد 20173 سے کم ہوکر 17694 ہوگئی ،ڈسٹرکٹ کورٹ ڈیرہ میں عید الفطر کے موقع پر پشاور ہائی کورٹ پشاور کے احکامات کی روشنی میں ایڈیشنل سیشن جج ڈیرہ محمد جمیل نے جوڈیشل مجسٹریٹ ڈیرہ کے ہمراہ سنٹرل جیل ڈیرہ کا خصوصی دورہ کیا جس میں انہوں نے جیل کے اندر کیمپ کورٹ قائم کرکے معمولی نوعیت کے مقدمات میں ملوث پندرہ ملزمان کے مقدمات کا موقع پر فیصلہ کرتے ہوئے ان کو رہا کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈیرہ عثمان ولی خان کی گرانقدر خدمات پر وکلاء سائلین اور سٹاف کی جانب سے خراج تحسین پیش کیاگیاہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں