پی ٹی آئی ورکرز کنونشن، شیر افضل مروت سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج

سابق ایم پی اے فضل حکیم اور دیگر کے خلاف تھانہ واڑی میں پی پی سی 188 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 26 نومبر 2023 15:55

پی ٹی آئی ورکرز کنونشن، شیر افضل مروت سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج
دیر بالا ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 نومبر 2023ء ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر ایڈوکیٹ شیر افضل مروت، سابق رکن اسمبلی فضل حکیم سمیت دیگر کے خلاف ورکرز کنونشن کے انعقاد پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دیر بالا کے علاقے کوٹکے صاحب آباد میں ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا، اس دوران کارکنان اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں، ورکرز کنونشن سے عمران خان کے وکیل اور پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر شیر افضل مروت نے خطاب کیا۔

بتایا گیا ہے کہ دیر بالا میں ورکرز کنونشن کے دوران پولیس کے ساتھ جھڑپ کے معاملے پر پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر شیر افضل مروت، سابق ایم پی اے فضل حکیم اور دیگر کے خلاف تھانہ واڑی میں پی پی سی 188 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

(جاری ہے)

ادھر دیر بالا میں پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن پر پولیس کی فائرنگ سے کارکن کے زخمی ہونے کے معاملے پر پی ٹی آئی کی جانب سے پرامن سیاسی اجتماع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی فائرنگ کی شدید مذمت کی گئی، چیف جسٹس آف پاکستان سے پرامن سیاسی سرگرمیوں کو خون میں نہلانے والے ریاستی عناصر کے خلاف کڑی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ تحریک انصاف کو انتخابی عمل سے باہر رکھنے کیلئے الیکشن سے قبل جان بوجھ کر پرتشدد کارروائیوں کے ذریعے حالات کو انتشار کی جانب دھکیلا جا رہا ہے، پاکستان کو اس وقت امن کی ضرورت ہے ملکی حالات کسی قسم کے عدم استحکام کے متحمل نہیں ہو سکتے، تحریک انصاف مکمل طور پر پُرامن جماعت ہے جس کی تمام سیاسی سرگرمیاں آئین و قانون کے دائرے میں ہیں۔

تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان مراسلہ بازی سے آگے بڑھ کر لیول پلئینگ فیلڈ کو یقینی بنانے کیلئے مؤثر عملی اقدامات اٹھانے میں ناکام ہے، چیف جسٹس ملک میں جاری ریاستی دہشتگردی کا فوری نوٹس لیں اور ریاستی قوت اور اسلحے کے پرامن اور نہتّے شہریوں کیخلاف استعمال کئے جانے کیخلاف اقدام کریں، تحریک انصاف کو پرامن سیاسی سرگرمیوں سے روکنے اور شہریوں پر گولیاں برسانےوالوں کے خلاف فوری سخت کارروائی کی جائے۔

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں