فیصل آباد،کاشتکاروں کو چنے کی پچھیتی کاشت رواں ہفتے کے دوران مکمل کرنے کی ہدایت

پیر 29 نومبر 2021 14:04

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2021ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو چنے کی پچھیتی کاشت ہر حال میں رواں ہفتے کے دوران مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ڈائریکٹر پلسزریسرچ انسٹیٹیوٹ آری فیصل آبادچوہدری محمد رفیق نے بتایاکہ اگرچہ چنے کی کاشت کا بہترین وقت نومبر تک ہوتا ہے تاہم اگر کسی وجہ سے کاشتکار مقررہ وقت کے اندر چنے کی فصل کاشت نہیں کر سکے تو وہ 10دسمبر تک پچھیتی کاشت کر سکتے ہیں لیکن پچھیتی کاشت سے بمپر کراپ حاصل نہیں ہو سکتی اس لیے  کاشتکار  تمام فصلیں  ماہرین زراعت کی مشاورت سے بروقت کاشت کرنے کے عمل کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد، جھنگ، تھل، خوشاب، میانوالی،لیہ، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور بہاولنگر سمیت وسطی و جنوبی پنجاب کے علاقوں میں موسم ربیع کی اہم پھلی دار فصل چنا کا شت کر کے بہترین پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے جبکہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ بھی چنے کی فی ایکڑ پیداورار میں اضافہ کا باعث بن سکتا ہے لہٰذا چنے کے کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ چنے کی دیسی اقسام بٹل 98، پنجاب 2008،بلکسر 2000، ونہار 2000، تھل 2006، سی ایم 98،کابلی قسم نور 91اور سی ایم 2008وغیرہ کی بروقت کاشت یقینی بنائیں تاکہ انہیں مالی منافع  حاصل ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کھادوں کا متناسب استعمال بھی پیداوار میں اضافہ کرتا ہے لہٰذا چنے کی بہتر پیداوار کیلئے 13کلو گرام نائٹروجن فی ایکڑ ضرور استعمال میں لائی جائے جبکہ فاسفورس 36کلو گرام فی ایکڑ بھی موزوں ہے اور چنے کی بہترین پیداوار حاصل کرنے کیلئے پودوں کی تعداد 85سے 95ہزار فی ایکڑ ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چنے کے کاشتکاروں کو کسی قسم کی مشکل یا پریشانی درپیش ہو تو وہ محکمہ کی فری ہیلپ لائن سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

فیصل آباد شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments