محکمہ زراعت کا کاشتکاروں کو کٹائی کے بعد گندم کی بھریاں رسی کی بجائے پرالی یا گندم کی ناڑ سے باندھنے کامشورہ

منگل 16 اپریل 2024 13:02

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) محکمہ زراعت نے گندم کے کاشتکاروں کواچھی طرح پک کر تیار اور خشک ہونے پر کٹائی کے بعد گندم کی بھریاں رسی سے باندھنے کی بجائے پرالی یا گندم کی ناڑ سے باندھنے کی ہدایت کی ہے ۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمودنے کہاکہ گند م کی کٹائی کے موقع پر غیر اقسام کے پودے نکالنے کا خاص خیال رکھا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر گندم کے دانے میں نمی کا تناسب 10 فیصد سے زائد ہو تو اس صورت میں کاشتکاروں کو محکمہ خوراک یافلور ملز کو گندم کی فروخت میں دشواریوں کاسامنا کرنا پڑ سکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ اب جبکہ بارشوں اور فضا میں نمی کے باعث ابھی گندم کٹائی کے قابل نہیں ہوئی لہٰذا کاشتکار کٹائی میں کسی جلد بازی کا مظاہرہ نہ کریں اور جب نمی خشک اور دھوپ کی شدت میں اضافہ ہوتوکاشتکار مزیدچند روز گندم کی فصل کو خشک ہونے دیں اوراس کے بعد کٹائی و گہائی کاعمل شروع کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ اگر موسم گرم وخشک ہو تو گہائی کے بعد گندم کو ایک دو دن کیلئے کھیتوں میں دن کے وقت کھلاچھوڑنا بھی مناسب ہوگا تاکہ دانوں میں پائی جانیوالی نمی کاخاتمہ ہو جائے تاہم رات کے وقت اسے ترپال یاپلاسٹک شیٹ سے ڈھانپ دینا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں