چینی کمپنیوں نے سی پیک کے تحت بننے والے سپیشل اکنامک زونز میں 5ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کر دی،

آئندہ 3سے 5سالوں کے درمیان فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ میں بھی اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کی جائے گی، میگا پراجیکٹس کی تعمیر سے معاشی ترقی کی نئی راہیں ہموار ہوں گی، انجینئر احتشام جاوید

منگل 22 اکتوبر 2019 14:39

چینی کمپنیوں نے سی پیک کے تحت بننے والے سپیشل اکنامک زونز میں 5ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کر دی،
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) چینی کمپنیوں نے سی پیک کے تحت بننے والے سپیشل اکنامک زونز میں 5ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کر دی ہے جبکہ آئندہ 3سے 5سالوں کے درمیان فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ میں بھی اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کی جائے گی نیز مذکورہ میگا پراجیکٹس کی تعمیر سے معاشی ترقی کی نئی راہیں ہموار ہوں گی۔

آل پاکستان ٹیکسٹائل پراسیسنگ ملز ایسوسی ایشن فیصل آباد ریجن کے چیئر مین انجینئر احتشام جاوید نے ایک ملاقات کے دوران بتایاکہ چین کی سی پیک کے تحت پاکستان کے اقتصادی زونز میں بالعموم جبکہ فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی میں بالخصوص دلچسپی اس بات کی غماز ہے کہ ہماری معیشت اور ملکی معاشی پالیسیاں درست سمت میں جا رہی ہیں لہٰذا اگر اسی طرح کے حوصلہ افزاء اقدامات جاری رہے تو ہم بہت جلد معاشی طور پر مستحکم ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ کے مطابق فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں متعدد شعبوں میں کاروبار کیلئے آئندہ تین سے پانچ سالوں میں چینی کمپنیاں طویل مدتی سرمایہ کاری کا منصوبہ بنارہی ہیں جو انتہائی حوصلہ افزاء بات ہے۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ سی پیک کی تکمیل سے پاکستان اور پاکستانی معیشت ایک نئے دور میں داخل ہو جائے گی جس کے اثرات آنے والی نسلوں کو خوشحالی سے ہمکنار کریں گے۔

انہوںنے کہاکہ معیشت اور انڈسٹری کی ترقی سے جہاں ہماری برآمدات میں اضافہ ہو گا اس کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔ انہوںنے کہاکہ فیڈمک سمیت دیگر اقتصادی زونز میں مستقبل کے تقاضوں کو مد نظر رکھ کر ترقیاتی کام کئے جارہے ہیںجن کے فعال ہونے سے جہاں سرمایہ کاری بڑھے گی وہیں ان زونز کے اطراف کے علاقے ترقیاتی سرگرمیوں کا مرکز بن جائیں گے جن سے عوام کو صحت و تعلیم کی سہولیات کے حصول میں مدد ملے گی۔ انہوںنے کہاکہ فیصل آباد موٹروے کے دوسری جانب علامہ اقبال انڈسٹریل اسٹیٹ جو کہ سی پیک کا حصہ ہے وہ فیصل آباد کی معاشی ترقی کا سنگ میل ثابت ہو گی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں