فیصل آباد چیمبر اور جھنگ یونیورسٹی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیئے،اعلیٰ تعلیمی و تحقیقی اداروں کو صنعت و تجارت کے درپیش مسائل کے حل کیلئے انڈسٹری اکیڈیمیا رابطوں کو فروغ دیا جائے گا

منگل 18 جنوری 2022 19:16

فیصل آباد ۔18جنوری  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔18 جنوری2022ء) :اعلیٰ تعلیمی او ر تحقیقی اداروں کو صنعت و تجارت کو درپیش مسائل کے حل کیلئے عملی کوششیں کرنے کی ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں انڈسٹری اکیڈیمیا رابطوں کو فروغ دیا جائے گا۔ یہ بات صدرفیصل آباد چیمبر عاطف منیر شیخ نے فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری اور جھنگ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی براہ راست علم پر مبنی ٹیکنالوجی سے وابستہ ہے اور اس سلسلہ میں متعلقہ اداروں کو منظم اور مربوط کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر چیمبر نے بتایا کہ انہوں نے اپنے انتخاب کے فوراً بعد مقامی یونیورسٹیوں کا دورہ کیا تاکہ انڈسٹری اکیڈیمیا رابطوں کو مستحکم اور پائیدار بنیادوں پر فروغ دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ ہمارے پی ایچ ڈی سکالر اپنے تحقیقی مقالوں کیلئے پرائمری کی بجائے گوگل پر موجود سیکنڈری ڈیٹا استعمال کرتے ہیں جس کی وجہ سے ان کے علم کو صنعتوں کی بہتری کیلئے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے فیصل آباد چیمبر اور جھنگ یونیورسٹی کے درمیان مفاہمتی یادداشت کو درست سمت میں اہم قدم قرار دیا اور کہا کہ یہ یادداشت صرف فائل کا حصہ نہیں بنے گی بلکہ اس پر عملی طور پر کام بھی ہو گا۔ جھنگ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے صدر فیصل آباد چیمبر کی ویژن سے مکمل اتفاق کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ فیصل آباد چیمبر اور جھنگ یونیورسٹی سمیت اس علاقے کے تعلیمی اداروں کے اشتراک سے سٹوڈنٹس فیئر منعقد کیا جائے تاکہ طلبہ کو صنعتوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کام کرنے کی ترغیب دی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اطلاقی سائنس پر یقین رکھتے ہیں تاکہ اس سے فوری اور عملی فوائد حاصل کئے جا سکیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ فیصل آباد چیمبر اپنے ویب پورٹل کا ایک حصہ جھنگ یونیورسٹی کیلئے مختص کرے تاکہ اس مادر علمی کے پی ایچ ڈی سکالر اپنے تحقیقی مقالے اس پر پوسٹ کر سکیں اور صنعتکار اِن میں سے اپنی ضرورت کے مطابق فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر کو بھی چاہیے کہ وہ جھنگ یونیورسٹی کے طلبہ کو اپنی تقریبات میں مدعو کرے اس طرح اِن طلبہ کو اہم کاروباری شخصیات سے براہ راست رابطہ کرنے اور ان کی کامیابی کی وجوہات کو جاننے کا موقع مل سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سٹیٹ بینک کے ذریعے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کیلئے کئی مالی سکیمیں بھی متعارف کر ا رہی ہے اس طرح طلبہ کو ان کے بارے میں بھی آگاہی مل سکے گی۔ اس سے قبل انجینئر عاصم منیر نے بتایا کہ صدر عاطف منیر شیخ کے ویژن کے مطابق فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈاندسٹری بہت سے اداروں سے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر چکا ہے جبکہ کنیئرڈ کالج، لمز، پنجاب یونیورسٹی اور نسٹ سے بھی مفاہمتی یادداشتوں پر جلد دستخط کئے جائیں گے تاکہ انڈسٹری اکیڈیمیا رابطوں کو فروغ دیا جا سکے۔

آخر میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ اور جھنگ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے اپنے اپنے اداروں کی طرف سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے اور دستاویزات کا بھی تبادلہ کیا۔ اس موقع پر صدر عاطف منیر شیخ نے جھنگ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر کو فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔ اس موقع پر ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ بارے قائمہ کمیٹی کے چیئرمین انجینئر احمد حسن، حاجی گلزار احمداور دیگر ممبران بھی موجود تھے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں