فیصل آباد ڈویژن میں پلانٹ فار پاکستان ڈے ,,ایک بشر دو شجر ،، کے عنوان سے بھر پور اندا زمیں منایا گیا

اتوار 18 اگست 2019 18:15

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2019ء) فیصل آباد ڈویژن میں پلانٹ فار پاکستان ڈے ,,ایک بشر دو شجر ،، کے عنوان سے بھر پور اندا زمیں منایا گیا جس کے دوران ایک پودا پاکستان کے لئے اور دوسرا پودا کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے لگایا گیا ۔ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ اور دیگر مختلف محکموں و نجی اداروں کی طرف سے ایک دن میں 30 ہزار سے زائد پودے لگائے گئے جبکہ فیصل اباد ڈویژن میں 31 دسمبر تک آٹھ لاکھ پودے لگانے کا ہدف حاصل کیاجائے گا ۔

پلانٹ فار پاکستان ڈے کا افتتاح ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے گٹ والا فاریسٹ پارک میں لگا کر کیا جبکہ ان کے ہمراہ کنزویٹر فاریسٹ سردار فدا حسین ، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر وجیہہ الدین احمد ، فاریسٹ آفیسر ڈاکٹر امجد سعید ، ڈویژنل سپورٹس آفیسر طارق نذیر و دیگر افسران اور سائیکل ریس کے شرکاء کھلاڑیوں نے بیک وقت پانچ سو پودے لگائے ۔

(جاری ہے)

بعدازاں ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے میونسپل کارپوریشن کمپلیکس کے سبزہ زار، پی ایچ کے زیر اہتمام سمندری روڈ پارک اور زرعی یونیورسٹی میں اجتماعی شجرکاری میں حصہ لیا ۔

اس موقع پر وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف ، رجسٹرار چوہدری محمد حسین، مختلف شعبوں کے ڈینز ،پروفیسرز، انتظامی افسران ، ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے آصف چوہدری ، اسسٹنٹ کمشنر جنرل مصور خان نیازی ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سردار نصیر احمد ، میونسپل آفیسر ملک محمد اشرف و دیگر بھی موجود تھے ۔ ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شجرکاری کے حوالے سے پاکستانی قوم میں نیا جذبہ پیدا ہوا ہے جو وزیر اعظم عمران خان کے ٹن بلین ٹری سونامی پروگرام کی کامیابی کی ضمانت ہے ۔

انہو نے کہا کہ شہری اپنے گھر ، دفتر اور دستیاب جگہوں پر پودے لگا کر وطن سے محبت اور کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ماحولیاتی آلودگی کا سامنا ہے اور اگر زیادہ سے زیادہ درخت نہ لگائے گئے تو آنے والے وقت میں موسمی تغیر وتبدل اور آلودگی سے سانس لینا مشکل ہوجائے گا ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ نسلوں کی بقاء اور سرسبز پاکستان کے لئے ہمیں درخت لگانے کا قومی فریضہ سر انجام دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ پودے لگا کر ان کی اپنے بچوں کی طرح پرورش کی جائے تاکہ درختوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کے حقیقی مقاصد حاصل کئے جا سکیں۔وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پروفیسر محمد اشرف نے کہا کہ یونیورسٹی کے تمام کیمپسز میں بھی وسیع پیمانے پر شجرکاری جاری ہے جسکا مقصد گرین پاکستان پروگرام کی کامیابی میں حصہ ڈالنا ہے ۔

ڈویژنل فاریسٹ آفیسر وجیہہ الدین نے بتایا کہ محکمہ جنگلات 10 بلین ٹری سونامی پروگرام کی تکمیل کے لئے اپنا کردار فعال انداز میں ادا کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے لئے محکمہ جنگلات نے وافر پودوں کا بندوبست کیا ہے۔چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سردار نصیراحمد نے کہا کہ شہری سہولتوں میں اضافہ کے ساتھ ساتھ میونسپل کارپوریشن کی طرف سے دستیاب جگہوں پر زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں گے ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں