عالم اسلام کے مسائل پر مشترکہ مؤقف کیلئے 23 اپریل کو لاہور میں تیسری عالمی پیغام اسلام کانفرنس ہو گی ، پاکستان علماء کونسل

کوئٹہ میں مسیحی برادری پر حملہ کی شدید مذمت کرتی ہے اور افغانستان کی افواج کی طرف سے پاکستانی سرحد کی مسلسل خلاف ورزی پر بھرپور احتجاج کرتی ہے،حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

پیر 16 اپریل 2018 22:38

فیصل آباد ۔16 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) انتہاء پسندی ، دہشت گردی ، فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے اور عالم اسلام کے مسائل پر مشترکہ مؤقف کیلئے 23 اپریل کو لاہور میں تیسری عالمی پیغام اسلام کانفرنس ہو گی ، کانفرنس میں مختلف اسلامی ممالک کے مندوبین ، غیر ملکی سفراء اور ملک بھر سے پانچ ہزار سے زائد علماء شریک ہوں گے ، پاکستان علماء کونسل کوئٹہ میں مسیحی برادری پر حملہ کی شدید مذمت کرتی ہے اور افغانستان کی افواج کی طرف سے پاکستانی سرحد کی مسلسل خلاف ورزی پر بھرپور احتجاج کرتی ہے ، یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جامعہ عثمانیہ رضا آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر مولانا حاجی محمد طیب شاد قادری، مولانا اسید الرحمن سعید ، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا حبیب الرحمن عابد، مولانا طیب گورمانی ، صاحبزادہ حمزہ طاہر الحسن ، مولانا امین الحق اشرفی، مولانا اظہار الحق ، حافظ طاہر گجر اور دیگر بھی موجود تھے ، انہوں نے کہا کہ بعض عالمی قوتیں پاکستان میں فرقہ وارانہ تشدد اور انتشار پیدا کرنا چاہتی ہیں لیکن پاکستان کے علماء و مشائخ ان سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کی جدوجہد امن اور سلامتی کیلئے ہے اور کوئٹہ میں مسیحی برادری پر حملہ قابل مذمت اور قابل افسوس ہے ، پاکستان میں رہنے والے غیرمسلم مسلموں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت اور مسلمانوں کی ذمہ داری ہے ، اسلام غیر مسلموں کے حقوق کا مکمل محافظ ہے ، انتہاء پسنداور دہشت گرد تنظیموں کے عزائم کو پاکستان میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔

(جاری ہے)

حافظ محمد طاہر محمودا شرفی نے کہا کہ عالم اسلام اس وقت سخت بحران میں ہے ، شام سے لے کر کشمیر تک مسلمانوں کا خون بہہ رہا ہے ، شام میں کیمیکلز بمبوں سے بے گناہ شامیوں کا قتل عام کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں ہونے والی عرب سربراہ کانفرنس کے فیصلے مسلمانوں کے جذبات کی ترجمانی ہیں، عالم اسلام عرب سربراہ کانفرنس کے فیصلوں پر مکمل عملدرآمد چاہتا ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل نے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے بھرپور تیاری کر رکھی ہے ، جلد ایک عوامی سطح کا سیاسی و مذہبی اتحاد کی قوم کو خوشخبری ملے گی، سیاسی قوتوں کو برداشت اور اعتدال کا مظاہرہ کرنا چاہیے ، ججوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے ، انہوں نے کہا کہ 23 اپریل پاکستان کی تاریخ میں ایک نئے عزم کے ساتھ جدوجہد کا دن ہوگا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں