گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں جشن آزادی کے سلسلہ میں رنگا رنگ تقریب کا اہتمام

منگل 14 اگست 2018 22:28

فیصل آباد۔14 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں یوم ِپاکستان کے سلسلہ میں ایک رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی تھے ۔تقریب کا افتتاح باقاعدہ قرآنِ پاک کی تلاوت اور نعت خوانی سے کیا گیا۔ یہ تقریب ڈاکٹرندیم سہیل ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیرزکے زیر سر پرستی منعقدکی گئی۔

اس تقریب میں رجسٹرار، ڈینز ،ڈائریکٹرز ،مختلف شعبہ جات کے سربراہان، فیکلٹی ممبرز ، انتظامیہ اور طلبہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے پرچم کشائی کی۔ جبکہ یونیورسٹی کے سکیورٹی کے چاق وچوبند دست نے سلامی پیش کی۔ تقریب کا دوسرا پروگرام قائد اعظم ایڈیٹوریم میں پیش کیا گیا جس میں ملی نغمے وترانے، آزادی کے حوالے سے تقرریں اورڈرامے پیش کیے گئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سٹوڈنٹس فنانس ایڈ کی طرف سے لاکھوں روپوں کے چیک اور اسناد بھی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے تقسیم کیں۔ تقریب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے ہم اب بھی اس کی خاطر قربانیاں دے رہے ہیں یہ ملک رہتی دنیا تک انشاء اللہ قائم رہے گا ۔پاکستان میں کسی چیز کی کمی نہیں ہے۔

یہاں پر ہر قسم کی زراعت ،صنعت اورمعدنیات وافر مقدار میں موجود ہیں اگر کمی ہے تو ہماری پالیسیوں کی ہے ہمیں اپنی پالیسیوں کو درست کرنا ہوگا۔ ہمیں قوم کو خصوصاّ نوجوان نسل کو ایجوکیٹ کرنا ہو گاجس نے آگے بڑھ کر اس کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے۔ہمیں پہلے خود کو بدلنا ہوگا جب تک ہم اپنے آپ کو نہیں بدلتے تب تک ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ ہم ایک دوسرے کے ساتھ برداشت اور ہمدردی کرنا سکھیں ۔

دوسروں کے ساتھ عزت اور ہمدردی سے پیش آئیں، دوسروں کے مسلک وعقائد اور مذاہب میں دخل دینا چھوڑ دیں۔ہمارے قائد محمد علی جناح نے بھی کہا تھا کہ پاکستان میں کوئی مذہب نہیں ہے صرف پاکستانی ہونا مذہب ہے۔ اب پاکستان 1947ء والا پاکستان نہیں رہا ۔اس جیسا ملک پوری دنیا میں نہیں ہے اب پاکستان بہت بدل گیا اور مزید بدلے گا۔ اسی طرح آپ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کو ہی لے لیں۔

یہ پاکستان کی درجہ ہ اوّل کی یونیورسٹیوں میں سب سے اوپر نمبر پر موجود ہے۔یہ سب لیڈر شپ اور انتظامیہ کے تعاون سے ممکن ہوا۔ ہر فرد نے اپنی ذمہ داری کو محسوس کیا جب تک اوپر سے نیچے اور نیچے سے اوپر تعاون نہیں ہو گا تب تک کوئی بھی ادارہ ترقی نہیں کر سکتا۔ اب طلبہ کو لاہور جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ لوگوںنے موجودہ الیکشن میں بھی شخصیت کو نہیں پارٹی اورنظریے کو ووٹ دیا ہے۔

اب نئے پاکستان میں تبدیلی آئے گی اور پاکستان ترقی کرے گا۔ حکومت اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرے اور ملکی مفادمیں پالیسیاں بنائے ، انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں انسان کی قدر علم اور تقوے کی بنیاد پر ہوگی ناکہ طاقت اور دولت کی بنیاد پر۔اس ملک کو رہنا چاہئے، ان اداروں کو رہنا چاہئے اس سسٹم کو رہنا چاہئے آخرمیں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے پاکستان کی 71ویں سالگرہ کے موقع پر انتظامیہ اور منتظمین کواتنا اچھا پروگرام ترتیب دینے پر مبارک باد پیش کی اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں