فیصل آباد،ضلعی انسداد تجاوزات کمیٹی کا اجلاس، انسداد تجاوزات مہم کے حقیقی نتائج کے حصول کیلئے قومی اسمبلی کے ہر حلقے کیلئے سب کمیٹی تشکیل دی جائے گی

مربوط حکمت عملی کے ذریعے کسی اثر و رسوخ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بڑے قبضہ مافیا کے خلاف بھر پور اپریشن کو نتیجہ خیز بنائیں گے تاکہ سرکاری زمینوں / جائیدادوں پر ناجائز قابضین کو واگزار کروا کر قومی نقصان کو بچایا جا سکے، اجلاس میں فیصلہ

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 22:44

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2018ء) ضلع میں انسداد تجاوزات مہم کے حقیقی نتائج کے حصول کے لئے قومی اسمبلی کے ہر حلقے کے لئے سب کمیٹی تشکیل دی جائے گی اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے کسی اثر و رسوخ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بڑے بڑے قبضہ مافیا کے خلاف بھر پور اپریشن کو نتیجہ خیز بنائیں گے تاکہ سرکاری زمینوں / جائیدادوں پر ناجائز قابضین کو واگزار کروا کر قومی نقصان کو بچایا جا سکے ۔

اس امر کا فیصلہ ضلعی انسداد تجاوزات کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جو ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ اجلاس میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ریلویز میاں فرخ حبیب ‘ صوبائی وزیر سماجی بہبود اجمل چیمہ ‘ معاون خصوصی ملک عمر فاروق ‘ ارکان قومی اسمبلی شیخ خرم شہزاد ‘ فیض الله کموکا ‘ چوہدری عاصم نذیر ‘ رضا نصرالله گھمن ‘ ارکان صوبائی اسمبلی فردوس رائے ‘ شکیل شاہد ‘ لطیف نذر ‘ عادل پرویز گجر ‘ و دیگر ارکان اسمبلی کے نمائندوں کے علاوہ ڈپٹی میئر امین بٹ ‘ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز محبوب احمد ‘ قیصر عباس رند‘ اسسٹنٹ کمشنرز ‘ میونسپل کمیٹیز کے چیئرمین ‘ میونسپل کارپوریشن ‘ ایف ڈی اے ‘ فیسکو ‘ سوئی گیس ‘ محکمہ ہائوسنگ اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کو تجاوزات کا خاتمہ کرنے کے سلسلے میں حکومت پنجاب کی گائیڈ لائنز سے آگاہ کرتے ہوئے ضلع بھر میں اب تک ناجائز قابضین سے واگزار کرائی گئی سرکاری زمینوں کی تفصیلات اور اہم بازاروں ‘ شاہرائوں ‘ گرین بیلٹس اور دیگر سرکاری جگہوں سے ہٹائی گئی تجاوزات کی تفصیلات کے بارے میں بتایا ۔ انہوں نے بتایا کہ گھنٹہ گھر کے آٹھواں بازاروں میں تجاوزات ہٹانے کے آغاز سے قبل تاجر و دکاندار نمائندوں سے میٹنگ کرکے انہیں مہم کے بارے میں بتایا دیا گیا تھا اور محکمانہ نوٹسز دینے پر بعض ناجائز قابضین کی طرف سے سرکاری زمینیں رضاکارانہ طور پر بھی خالی گئی ہیں ۔

اجلاس کے دوران ارکان اسمبلی نے تجاوزات کے خاتمے کے لئے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی پالیسی واضح کرتے ہوئے بتایا کہ کچی آبادیوں ‘ اندرون گلی محلوں اور ریڑھی چھابڑی سمیت معمولی روزگار کمانے والوں کے خلاف اپریشن نہیں ہو گا تاہم مین شاہرات اور بازاروں کو تجاوزات سے پاک رکھنے کے لئے علاوہ بڑے بڑے لینڈ مافیا کے خلاف گرینڈ اپریش کیا جائیگا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے باقاعدہ شیڈول مرتب کرکے تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف بھر پور ایکشن کے لئے متعلقہ محکموں کی کوارڈینیشن کو یقینی بنایا جائے گا ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں