قوم کا مستقبل مضبوط اور روشن بنانے کیلئے بچوں کی معیاری تعلیم اورکردار سازی پربھرپور توجہ دی جائے،ڈپٹی کمشنر

منگل 20 نومبر 2018 23:46

فیصل آباد۔20اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر نے کہا ہے کہ قوم کا مستقبل مضبوط اور روشن بنانے کے لئے بچوں کی معیاری تعلیم اورکردار سازی پربھرپور توجہ دی جائے تاکہ وہ کسی سطح پر احساس محرومی کا شکار نہ ہوں۔انہوںنے یہ بات عالمی یوم اطفال کے موقع پر ضلعی انتظامیہ،چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو اورچائلڈ رائٹس موومنٹ کے اشتراک سے نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم میں منعقدہ سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ارکان صوبائی اسمبلی لطیف نذر،فردوس رائے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز قیصر عباس رند،ڈسٹرکٹ آفسیر چائلڈ پروٹیکشن اعجاز اسلم ڈوگر،ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم،وائس چیئرمین ضلع کونسل خالد پرویز ورک،چائلڈ پروٹیکشن آفیسر روبینہ اقبال چیمہ،کوآرڈینیٹر چائلڈ رائٹس موومنٹ ندا مقبول،این جی اوز کے نمائندے ڈاکٹر جعفر حسن مبارک،طاہراقبال کے علاوہ ماہرین تعلیم،اساتذہ اور طلباء وطالبات بڑی تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بچے قدرت کا انمول تحفہ اور نرم ونازک پھول ہیں جن کی پوری توجہ اور پیارومحبت کے ساتھ دیکھ بھال کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ نبی کریمؐ بچوں سے بے پناہ شفقت کرتے اور آپؐ نے بچوں کے حقوق کی ادائیگی کا حکم فرمایا۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ بچوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں تعلیم وصحت سمیت ضروری سہولیات فراہم کرنے پر پوری توجہ دے رہے ہیں تاہم والدین بچوں کو معاشرے میں متعارف کرانے سے قبل اخلاقیات کا درس دیں۔

ڈپٹی کمشنرنے طالب علموں سے کہا کہ تعلیم شعور وآگہی پیدا کرتی ہے لہذا وہ اپنی تمام تر توجہ حصول علم کی جانب مرکوز رکھیں اور نیک واچھے اعمال کریں،اپنے ہم عمر سہولیات سے محروم ساتھیوں سے بھائی چارے،یگانگہت،حسن سلوک کے رویوں کو فروغ دیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں کا عالمی دن مناتے وقت ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا چاہیے کہ قوم کے نونہالوں کو بہترین ماحول میں پروان چڑھانے اور ان کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے سلسلے میں اجتماعی کوششوں کو کامیاب بنایا جائے گا۔

انہوں نے بچوں کے حقوق کے تحفظ کے سلسلے میں خدمات انجام دینے والی این جی اوز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے سیمینار کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کی کوششوں کی تعریف کی۔ارکان اسملبی نے کہا کہ بچے ہمارا سرمایہ افتخار ہیں جن کا عالمی دن منانے کا مقصد انہیں تمام ضروری سہولیات فراہم کرناہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خاں اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں موجودہ حکومت بچوں کی بھلائی وبحالی کے لئے مختلف فلاحی منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچے قوم کا درخشاں مستقبل ہیں جن کی آبیاری اورصحیح سمت رہنمائی سے ہی قومی ترقی کی بنیاد مضبوط ہوگی۔ڈسٹرکٹ آفیسر چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو نے مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بچوں کے عالمی دن منانے کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بے سہارا،یتیم اور لاوارث بچوں کی فلاح وبہبود کے لئے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہری عدم توجہی کے شکار بچوں کے بارے میں چائلڈ پروٹیکشن کی ہیلپ لائن’’1121‘‘پر اطلاع کرسکتے ہیں۔سیمینار کے اختتام پر آرٹ کونسل سے آگاہی واک بھی منعقد ہوئی جو کمشنر کمپلیکس پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔واک میں شریک بچوں نے بنیادی ضروریات اورتحفظ کے بارے میں نعروں پر مشتمل بینرزاورپلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے شرکاء نے بچوں کے حقوق کے تحفظ اورانہیں سماجی مشکلات و سختیوں سے محفوظ رکھنے کے لئے حکومتی اقدامات کا ذکر کیا اور کہا کہ بچوں کی بنیادی ضروریات پوری کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں