پلاسٹک فیکٹری میں بجلی چوری پکڑی گئی، مالک کو پانچ لاکھ روپے جرمانہ

منگل 18 جون 2019 18:41

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) : فیسکوفرسٹ سرکل کی ٹیم نے سپرنٹنڈنگ انجینئرچوہدری الیاس گھمن کی سربراہی میں محلہ شاہ آباد نور پور میں پلاسٹک فیکٹری کی چھت میں سوراخ کر کے فور کور تار استعمال کر کے ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی چوری کی واردات پکڑ لی۔ فیکٹری مالک کو تقریباً پانچ لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے اورمیٹر اتار کرپولیس تھانہ سرگودھا روڈ میں مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے۔

فیسکو ترجمان کے مطابق وزارت توانائی پاور ڈویژن اور چیف ایگزیکٹو فیسکو مجاہد اسلام باللہ کی ہدایات پر ریجن بھر میں بجلی چوری کے خلاف منظم مہم جاری ہے اور فیسکو ٹاسک فورسز دن رات ریڈ اور چیکنگ کررہی ہیں۔ گذشتہ رات ایس ای فرسٹ سرکل چوہدری الیاس گھمن نے ایس ڈی اومسلم ٹائون رانا راشد کے ہمراہ محلہ شاہ آباد نورپور میں ایک اطلاع پر کریک ڈائون کیا اور وہاں ایک پلاسٹک کے اشیاء بنانے والی فیکٹری میں ڈائریکٹ سپلائی لگا کرہونے والی بجلی چوری پکڑ لی ۔

(جاری ہے)

فیکٹری مالک علی حسین ولد غلام رسول نے فیکٹری کے باتھ روم کی چھت میں سوراخ کر کے قریب سے گزرنے والی فیسکو کی لائن سے فور کور تار استعمال کر کے ڈائریکٹ سپلائی لے رکھی تھی۔فیسکو کی خصوصی ٹاسک فورس جو ملک ظہیر احمد میٹر انسپکٹر، محمد رشید اور محمد عباس پر مشتمل تھی نے یہ چوری دھر لی اور فورکور تار اور میٹر اتار لیاجبکہ فیکٹری مالک علی حسین کے خلاف ایس ڈی او راشدمحمود سرور نے زیر دفعہ 462-Jکے تحت مقدمہ درج کروا دیا ہے ۔ فیکٹری مالک کو پانچ لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے ۔ دریں اثناء سپرنٹنڈنگ انجینئر فرسٹ سرکل محمد الیاس گھمن نے سرکل کی سرویلنس ٹیم کو مستعدی سے اپنے فرائض سرانجام دینے پر شاباش بھی دی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں