موجودہ حکومت میں 22کروڑ عوام معاشی مشکلات کا شکار ہیں،سردار ظفر حسین خان ایڈوروکیٹ

حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک دلدل میں پھنس گیاہے ،لوگوں کے چہروں پر مایوسی اور اضطراب ہے اب تو تبدیلی سرکار خود بھی پریشان ہوگئی ہے ، صوبائی نائب امیر جماعت اسلامی

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 20:45

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2019ء) جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیرسردارظفرحسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک ایک دلدل میں پھنس گیا ہے ۔22کروڑ عوام معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔لوگوں کے چہروں پر مایوسی اور اضطراب ہے ۔مہنگائی اوربے روز گاری نے عوام سے دن کا سکون اور راتوں کی نیند چھین لی ہے ۔

تبدیلی کا کھیل ناکام ہو چکاہے، تبدیلی سرکار خود بھی پریشان ہے۔عوام کے ساتھ ساتھ اب اس حکومت کو لانے والے بھی پریشان ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومتوں کے اسٹیٹس کو کا حصہ ہے ۔حکومت میں ساری کابینہ پرویز مشرف کی ہے ۔ عوام حکومت اور اس کی پالیسیوں سے بے زار ہوچکے ہیں۔تبدیلی کے نام پر عوام سے بدترین مذاق کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

جن اداروں کا نام احترام سے لیا جاتا تھا آج ہرجگہ ان پرتنقید کی جارہی ہے ۔ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر چارسو محکمے بند کرنے کی خبریں سنا رہے ہیںاور حکومت سے نوکریاں مانگنے والے نوجوانوں کو کاہلی اور سستی کے طعنے دے رہے ہیں۔خود وزیر اعظم کا کہناہے کہ قوم بڑی بے صبری ہے 14ماہ ہی میں تبدیلی نہ آنے کا گلہ کرنے لگی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف ادارے بند ہورہے ہیں اور دوسری طرف اسٹیٹ بنک ڈالر کی قیمت میں مزید اضافے کی رپورٹیں دے رہا ہے ۔ جب تک ناجائز ذرائع سے حرام کی دولت اکٹھی کرنے والوں سے پیسہ واپس نہیں لیا جاتا اور سودی معیشت سے توبہ نہیں کی جاتی معاشی حالات نہیں سدھریں گے ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں