حکومت نئی ٹیکنالوجی پر مبنی صنعتیں لگانے والوں کو پندرہ سے بیس سال کیلئے ٹیکس ہالی ڈے سمیت دیگر مراعات دے تاکہ صنعتی شعبہ کو ترقی کی نئی راہ پر ڈالا جا سکے، ڈاکٹر شاہد منصور

بدھ 13 نومبر 2019 00:05

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 نومبر2019ء) حکومت نئی ٹیکنالوجی پر مبنی صنعتیں لگانے والوں کو پندرہ سے بیس سال کیلئے ٹیکس ہالی ڈے سمیت دیگر مراعات دے تاکہ پاکستان کے صنعتی شعبہ کو ترقی کی نئی راہ پر ڈالا جا سکے، چوتھے صنعتی انقلاب کی راہ ہموار کرنے کیلئے ساہیوانوالہ کے نزدیک انڈسٹریل ٹیکنالوجی پارک قائم کرنے کی تجویز ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ انڈسٹریل اینا لینکل سنٹر بھی قائم کیا جاسکتا ہے تاکہ برآمد کنندگان کو بین الاقوامی معیار کے ٹیسٹوں اور سر ٹیفیکیشن کی سہولت بھی مہیا کی جا سکے۔

یہ بات نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بائیو ٹیکنالوجی اینڈ جینیٹکس انجینئرنگ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد منصور نے آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے دورے کے دوران بتائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ فیڈمک کے ایم تھری انڈسٹریل سٹی کے نزدیک 12ایکڑ رقبہ موجود ہے جس پر انڈسٹریل ٹیکنالوجی پارک قائم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پلاننگ کمیشن کی ممبر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فیصل آباد آرہی ہے ، جس میں اس منصوبے کے مختلف پہلوئوں کا غور کیا جائے گا۔

ڈاکٹر شاہد نے بتایا کہ اس جگہ کا انتخاب اس حوالے سے انتہائی اہم ہے کہ یہ پارک فیصل آباد کے علاوہ لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور گجرات کی صنعتوں کو بھی سائنٹیفک سپورٹس مہیا کر سکے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت نبجی سے نوجوانوں کی بڑی تعداد بائیو ٹیکنالوجی کی تعلیم حاصل کر رہی ہے۔ ان کی خواہش ہے کہ یہ نوجوان نوکریاں تلاش کرنے کی بجائے خود جدید ٹیکنالوجی پر مبنی صنعتی ادارے قائم کریں۔

انڈسٹریل اینا لینکل سنٹر کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ اس کو آئوٹ سورس بھی کیا جا سکتا ہے تاکہ وہ ہماری صنعتوں کی مصنوعات کیلئے عالمی معیار کی سر ٹیفیکیشن کے حصول کے ان کی راہنمائی کر سکیں اور ان مصنوعات کے معیارات کو جانچنے اورسر ٹیفیکیشن کیلئے غیر ملکی اداروں پر انحصار نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے بتایا کہ نبجی اس وقت بھی رفحان، رحمت ٹیکسٹائل سمیت کئی اداروں سے تعاون کررہا ہے تاہم اس کے دائرہ کار کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔

اس سے قبل صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری رانا محمد سکندر اعظم خاں نے کہا کہ پاکستان کے صنعتکاروں اور تحقیقی اداروں کے فکرو عمل میں فرق ہے۔ ہمارے تحقیقی اداروں نے بہت سی ایجادات کی ہیں مگر صنعتکاروں سے دوری کی وجہ سے ملک و قوم کو ان سے فائدہ نہیں پہنچ رہا۔ انہوں نے ڈائریکٹر نبجی سے کہا کہ وہ چند منافع بخش اور قابل عمل منصوبوں کے بارے میں انہیں آگاہ کریں تاکہ متعلقہ سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو ان منصوبوں کیلئے سرمایہ کاری کی ترغیب دی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اب باتوں میں وقت ضائع کرنے کی بجائے ہمیں عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے مقامی صنعتکاروں کو نئی ٹیکنالوجی اپنانے کی ترغیب دیں گے تاہم ان نئے منصوبوں کو منافع بخش ہونے کے ساتھ ساتھ قابل عمل بھی ہونا چاہیے۔ اس موقع پر فیصل آباد چیمبر کی قائمہ کمیٹی برائے انڈسٹری اکیڈیمیا لینکجز کے چیئرمین ڈاکٹر حبیب اسلم گابا کے علاوہ نبجی کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں