فیسکومیں سیفٹی کلچر کوفروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، ہر سطح پر سیفٹی سیمینارز اور سیفٹی پریڈ کا انعقادکرکے لائن سٹاف کی جان کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکتا ہے، مظہر نوید

بدھ 8 جولائی 2020 23:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2020ء) :فیسکومیں سیفٹی کلچر کوفروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے جس کیلئے ہر سطح پر سیفٹی سیمینارز اور روزانہ کی بنیادوں پر سیفٹی پریڈ کا انعقاد نہایت ضروری ہے تاکہ لائن سٹاف کی جان کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے ۔ان خیالات کا اظہار سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن فیسکو جھنگ سرکل مظہر نوید نے بدھ کے روز پیر محل رورل سب ڈویژن میں منعقدہ سیفٹی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع انہوں نے افسران و لائن سٹاف سے کہا کہ بجلی کی لائنوں پر حفاظتی اقدامات کے بغیر کام کرنا صریحاً خودکشی ہے اسلئے انسانی جان کی حفاظت مقدم ہے لہٰذا اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی کوئی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بجلی کا تسلسل قائم رکھنا اگرچہ ہماری پیشہ ورانہ ذمہ داری ہے مگر انسانی جان کی حفاظت ہمارا دینی فریضہ اور خاندان کی ضرورت ہے جسے لاپرواہی کی بھینٹ نہیں چڑھنا چاہئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجلی کو صارفین اور صنعتوں تک پہنچانے میں لائن سٹاف کا کردار ناگزیر ہے مگر لائن سٹاف فیسکو کا قیمتی ترین اثاثہ ہے اسلئے فیسکو اپنے کارکنان کی حفاظت کیلئے ہرسال خطیر رقم خرچ کرکے ٹی اینڈ پی اورحفاظتی آلات منگوارہی ہے تاکہ ان کوالمناک حادثات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے فیلڈ سٹا ف کو ہدایت کی کہ چالو لائنوں پر کام کرتے ہوئے تمام حفاظتی اقدامات کو پورا کریںاور لائن ٹی اینڈ پی کے علاوہ کورونا سے بچائو کیلئے ماسک اور دستانے بھی استعمال کریں ،دفاتر میں سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور کورونا وائرس کے پھیلائو کوروکنے کیلئے تمام تراحتیاطی تدابیر کو اختیار کیا جائے وگرنہ ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے صارفین کی شکایات کے جلد ازالے کو ترجیح دینے کے احکامات بھی دئیے ۔اس موقع پر فیسکو کے شہداء کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔سیمینار میںٹیکنیکل ٓفیسرجھنگ سرکل، ایکسین آپریشن کمالیہ، ایس ڈی او پیر محل سٹی سب ڈویژن اورلائن سٹاف کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں