سیٹلائٹ اراضی ریکارڈ سنٹرکا قیام حکومت پنجاب کا ایک احسن اور انقلابی اقدام ہے ،بابر حیات تارڑ

پیر 19 اکتوبر 2020 23:16

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2020ء) سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب بابر حیات تارڑنے کہا ہے کہ سیٹلائٹ اراضی ریکارڈ سنٹرکا قیام حکومت پنجاب کا ایک احسن اور انقلابی اقدام ہے جہاں سے شہری فرد ریکارڈ، ضمانت، بجلی و گیس کنکشن کیلئے ضلعی ہیڈ کوارٹر جانے کی بجائے متعلقہ قانونگوئی، پٹوار سرکل سے حاصل کر سکیں گے۔

پنجاب حکومت کرپشن کے خاتمہ کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ ریونیو کے حوالے سے عوام کی شکایات کے ازالے کیلئے بنیادی اصلاحات کی جارہی ہیں۔ریونیو کا ایسا نظام وضع کیاجائے گا جس سے عوام کوان کی دہلیز پر سہولیات میسر ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژنل کمشنر عشرت علی کے ہمراہ چنیوٹ کے نواحی علاقہ ہرسہ شیخ میں سیٹلائٹ اراضی ریکارڈ سنٹرکے افتتاح کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ممبر بورڈ آف ریونیو نوید شیرازی، ریجنل پولیس آفیسرراجہ رفعت مختار، ڈپٹی کمشنرچنیوٹ محمد ریاض،ڈی پی او بلال ظفر،ڈی جی پی ایل آر اے معظم اقبال سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بابر حیات تارڑنے کہا کہ دور دراز کے لوگوں کو فرد سمیت دیگر سرٹیفکیٹس نکلوانے کے لیے اپنے علاقہ میں سہولیات دستیاب ہونگی۔

عوام کو ریلیف پہنچانا ہماری معاشرتی ذمہ داری ہے لہٰذا ہمیں دیانتداری اور محنت سے ٹیم ورک کے طور پر انرجی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ضلع اور ڈویژن میں سب سے زیادہ ذمہ داریاں ضلعی انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے اس ضمن میں سروسز ڈلیوری میں بہتری لانے کیلئے چین آف کمیونیکیشن کو بہتر کریں اور اراضی انتقال و تبادلہ کیلئے آنے والے سائلین کو ہرممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ دور جدید میں اب مینول کام نہیں رہا جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کیا جا رہا ہے۔اراضی سینٹرز کی تعداد میں اضافہ کر کے عوام کو مزید ریلیف دیں گے۔سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے مزید کہا کہ ضلعی افسران عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔ ضلعی انتظامیہ لینڈ ریکارڈ سنٹرز کا باقاعدگی سے دورہ کریں اور سائلین کے مسائل حل کرنے کیلئے سنٹرز افسران اور اہلکاروں کی راہنمائی کریں۔مزید برآں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب بابر حیات تارڑنے ڈویژنل کمشنر عشرت علی کے ہمراہ سیٹلائٹ اراضی ریکارڈ سنٹرہرسہ شیخ کے سبزہ زار میں شجر کاری مہم کے حوالہ سے پودہ بھی لگایا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں