فیصل آباد میں ایک ماہ کی بچی کو کتوں نے نوچ ڈالا

تھانہ صدر کے علاقہ ککوآنہ میں نامعلوم سنگدل باپ ایک ماہ کی بچی کو کھیتوں میں پھینک کر فرار ہو گیا، بچی معجزانہ طور پر زندہ بچ گئی

muhammad ali محمد علی منگل 20 اکتوبر 2020 19:55

فیصل آباد میں ایک ماہ کی بچی کو کتوں نے نوچ ڈالا
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اکتوبر2020ء) فیصل آباد میں دل دہلا دینے والا واقعہ، سنگدل باپ کی جانب سے کھیتوں میں پھینکی گئی نومولود بچی کو آوارہ کتوں نے نوچ ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دوسرے بڑے شہر فیصل آباد کے تھانہ صدر کے علاقہ ککوآنہ میں پیش آئے انتہائی دلخراش واقعے نے ہر شخص کو ہلا کر رکھ دیا۔ بتایا گیا ہے ایک نامعلوم سنگدل باپ ایک ماہ کی بچی کو 209 رب ککوآنہ پل کے قریب کھیتوں میں پھینک کر فرار ہو گیا۔

بعد ازاں نومولود بچی کو کتوں نے بہت بری طرح نوچ ڈالا۔ کتوں سمیت دیگر جانوروں نے بھی نومولود بچی پر حملہ کر کے اس نوچ ڈالا جس سے بچی بری طرح زخمی ہوگئی، بچی کے رونے کی آوازیں سن کر اہل علاقہ نے بچی کو جانوروں سے چھڑوایا اور واقعے کی ریسکیو والوں کو اطلاع دی۔

(جاری ہے)

ریسکیو ٹیم نے متاثرہ بچی کو تحویل میں لیکر ہسپتال پہنچایا جہاں زخمی بچی کو نرسری وارڈ میں داخل کروا دیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ بچی معجزانہ طور پر زندہ بچ گئی۔ بچی کی حالت اب قدرے بہتر بتائی جاتی ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ پولیس کی جانب سے بھی واقعے کا نوٹس لیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے بچی کے والد کو تلاش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بچی کو کھیتوں میں پھینک کر جانے والے شخص کی نشاندہی ہونے پر اسے گرفتار کر لیا جائے گا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں