فیصل آباد انتظامی حکام کی قانون شکنوں کے خلاف کارروائیاں جاری، بھاری جرمانے عائد،مزید 7 بھکاری بھی تحویل میں لے لئے گئے

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 19:23

فیصل آباد۔16اکتوبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2021ء) :فیصل آباد انتظامی حکام کی قانون شکنوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں جبکہ ضلع کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے ہفتہ کے روزکھانے پینے کی اشیا مہنگے داموں فروخت کرنے پر51گرانفروشوں کو65ہزارروپے جرمانہ کیا۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مارکیٹوں وبازاروں میں مجموعی طور پر797انسپکشنز کرکے پھل وسبزیاں،دالیں،چکن، مٹن، بیف اور کریانہ کی اشیا مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کرنے پرکارروائی کی۔

دریں اثناضلعی انتظامیہ نے کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پرہفتہ کو شاپنگ مالز وپلازوں، دکانداروں اورٹرانسپورٹرز کومزید 17ہزار روپے جرمانہ کیا جبکہ گزشتہ213روزمیں اب تک 76لاکھ روپے جرمانہ کیاجاچکا ہے۔

(جاری ہے)

مزید برآں محکمہ سماجی بہبود کی طرف سے شاہرات وچوکوں اور پبلک مقامات پر شہریوں کیلئے پریشانی کا باعث بننے والے عادی وپیشہ وربھکاریوں کو تحویل میں لینے کا سلسلہ جاری ہے اس ضمن میں ٹیموں نے ہفتہ کو مزید7بھکاریوں کو تحویل میں لے کر سنٹر منتقل کرایاجبکہ 4 کے خلاف مقدمات بھی درج کرائے۔

اینٹی بیگری سکواڈ نے سمندری روڈ العزیز ہوٹل کے باہر،گیٹانوالہ والا چوک ستیانہ روڈ، جدہ مارکیٹ، کشمیر پل کینال روڈ، ڈبلیو بلاک مدینہ ٹاؤن اوردیگر پبلک مقامات میں پیشہ وربھکاریوں کے خلاف ایکشن لیا۔علاوہ ازیں ایکسٹرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی مارکیٹنگ محمد عثمان نے سبزی منڈی سدھار کا دورہ کیا اور مختلف سبزیوں اور پھلوں کی نیلامی کے عمل کا جائزہ لیا۔

وہ مختلف شیڈز اور سٹالز پر گئے اور سبزیوں اور پھلوں کی دستیابی اور ریکارڈ کو چیک کیا۔انہوں نے مارکیٹ کمیٹی کے عملے کو بولیوں کے عمل کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی تاکیدکرتے ہوئے کہا کہ تمام تر عمل شفاف اور طے شدہ طریقہ کار کے مطابق ہونا چاہیے۔انہوں نے دکانداروں کے پاس ریٹ لسٹ کی موجودگی بھی چیک کی اور زائد قیمتیں وصول کرنے سے باز رہنے کی تاکید کی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں