تمام امیدوار الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل کرنے کے پابند ہیں، ڈپٹی کمشنرگھوٹکی

اتوار 28 جنوری 2024 18:45

گھوٹکی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2024ء) عام انتخابات کے دوران ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد اور ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر / ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر گھوٹکی آغا شیر زمان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس ایس پی گھوٹکی انور کھیتران، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر پرویز احمد کلہوڑو، ڈی ایس آر رینجرز طارق محمود سمیت قومی و صوبائی اسیمبلی کے ریٹرننگ افسران سمیت انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر / ڈی آر او آغا شیر زمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام امیدوار الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل کرنے کے پابند ہیں، کسی کو بھی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دیں گے، شکایات کی صورت میں انتظامیہ کو اگہی فراہم کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلع میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے پاک فوج اور رینجرز کا مکمل تعاون حاصل ہے، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جارہے ہیں، کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے، تمام امیدوار ایسا سازگار ماحول پیدا کریں تاکہ لوگ بغیر کسی خوف کے اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔

اس موقع پر ایس ایس پی انور کھیتران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات کے دوران تمام حفاظتی انتظام مکمل کرلئے ہیں، فساد پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں گے، اگر کوئی پولیس اہلکار کسی امیدوار کی مہم میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے تمام امیدوار ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں تاکہ سازگار ماحول میں انتجابات ہوسکیں۔

قبل ازیں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر پرویز احمد کلہوڑو نے امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس منعقد کروانے کا مقصد الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عمل در آمد کروانا ہے خلاف ورزی کرنے والے امیدواروں کے خلاف الیکشن ایکٹ کے مطابق کارروائی ہوسکتی ہے تمام امیدوار ضابطہ اخلاق کے دائرے میں مہم چلاسکتے ہیں۔اس موقع پر تمام امیدواروں میں ضابطہ اخلاق کے کتابچے بھی تقسیم کئے گئے ۔

گھوٹکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں