گلگت یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی دفتر کا افتتاح کر دیا گیا

صحافت کا شعبہ اہمیت کا حامل ،اختیار کرکے حق ادا کرنا جانفشانی کا کام ہے،گلگت بلتستان میں صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے قانون سازی کی جائیگی، سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی

پیر 18 دسمبر 2023 19:45

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2023ء) گلگت یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی دفتر کا افتتاح کر دیا گیا۔ سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نذیر احمد ایڈوکیٹ نے پیر کے روز وزیر اعلی کے معاون خصوصی اطلاعات ایمان شاہ اور سیکریٹری اطلاعات و خوراک عثمان احمد کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر دفتر کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نے کہا کہ صحافت کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اس شعبے کو اختیار کرکے اس کا حق ادا کرنا انتہائی جانفشانی کا کام ہے۔

صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے، معاشرتی مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کے حوالے سے صحافیوں کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے قانون سازی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

دنیا کے دیگر شعبوں کی طرح صحافت میں بھی جدت آئی ہے، ڈیجیٹل میڈیا کی وجہ سے روایتی میڈیا کو چیلنجز کا سامنا ہے۔ صحافی دور جدید کے تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحتیوں میں نکھار پیدا کریں۔

اس موقع پر وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں صحافی نامساعد حالات کے باوجود بہتر انداز میں کام کر رہے ہیں، محکمہ اطلاعات صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے بھر پور اقدامات کر رہا ہے۔ آئندہ چند روز میں صحافیوں کے ایکریڈیشن کے لئے اخبارات میں اشتہارات شائع کئے جائیں گے ،جس سے صحافیوں کے مسائل میں قابل زکر حد تک کمی آئے گی۔

گلگت بلتستان کے صحافیوں کو آسانیاں فراہم کرنے کے لئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سے قبل گلگت یونین آف جرنلسٹس کے صدر زوہیب اختر نے یونین کے اغراض و مقاصد اور ابتک کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونین آف جرنلسٹس صحافیوں کا نمائندہ فورم ہے جو انہیں درپیش مسائل کے حل اور انکی پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں بہتری لانے کیلئے کام کر رہا ہے۔ تقریب میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ صحافیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں