ششپر گلیشئر سے جھیل بننے کا عمل جاری

منگل 18 دسمبر 2018 16:30

گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) محکمہ موسمیات گلگت بلتستان کے حکام کا کہنا ہے کہ ششپر گلیشئرسے جھیل بننے کا عمل جاری ہے، موسم سرما میں جھیل کا بند ٹوٹنے یا جھیل سے پانی کے اخراج کے امکانات کم ہیں تاہم موسم گرما میں جھیل پھٹ سکتی ہیں اس سے پہلے الرٹ جاری کیاجائے گا، ششپر گلشیئرکو مانیٹر کیاجارہا ہے، عالمی درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے گلگت بلتستان میں گلیشئرز پر جھیل بننے اور سرکنے سے انسانی آبادی کو خطرات لاحق ہیں، گلگت بلتستان میں گزشتہ آٹھ ماہ سے معمول سے کم بارشیں ہوئیں ہیں اگلے تین ماہ تک بھی معمول سے کم بارشیں ہوں گی، کم بارشوں کی وجہ سے گلگت بلتستان میں خشک سالی کے امکانات بڑھ چکے ہیں، محکمہ موسیمات کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے گلگت بلتستان پر واضح اثرات مرتب ہورہے ہیں، پاکستان عالمی درجہ حرارت میں اضافے سے متاثرہ مالک میں سرفہرست ہے،جس کااندازہ گلگت بلتستان میں موجود گلیشئرز پر وجود میں آنے والی جھیلوں اور گلیشئرز کے سرکنے کے واقعات سے بخوبی کیاجاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ہنزہ میں موجود ششپر گلیشئر کے پھیلنے کا عمل شروع ہوا تھا جس کی وجہ سے حسن آباد نالے کا پانی مکمل طور پر بند ہوگیا اور مصنوعی جھیل وجود میں آگئی جس میں نالے کا پانی جمع ہورہا ہے، حسن آباد نالے کا پانی بند ہونے سے ہنزہ میں ہائیڈل پاور ہائوس بھی بند ہوگیا جس کی وجہ سے بجلی کا بحران پیدا ہو گیاہے۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں