جمیل احمد ڈسکہ ضمنی انتخابات اور حلقہ 2 گلگت کے انتخابات کا کیسے موازنہ کرسکتے ہیں، ڈسکہ ضمنی انتخابات میں بے ضابطگیاں ہوئیں،ترجمان الیکشن کمیشن گلگت بلتستان

پیر 1 مارچ 2021 23:41

گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2021ء) ترجمان الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے سابق ڈپٹی اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی جمیل احمد کی جانب سے جاری اخباری بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمیل احمد ڈسکہ ضمنی انتخابات اور حلقہ 2 گلگت کے انتخابات کا کیسے موازنہ کرسکتے ہیں، ڈسکہ ضمنی انتخابات میں بے ضابطگیاں ہوئیں۔

بیلٹ پیپرز چھپانے اور آر او کو اغوا کرنے کے الزامات لگائے گئے تھے،جبکہ حلقہ 2 گلگت کے انتخابات صاف،شفاف،منصفانہ اور آزادانہ ہوئے جس کے گواہ ان کے خود پولنگ ایجنٹس ہیں۔ترجمان کے مطابق پولنگ ڈے کے دوران چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان خود تمام پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا،اسی دوران کسی اسٹیشن سے بھی دھاندلی یا کسی اور چیز کی کوئی ایک شکایت تک موصول نہیں ہوئی اور نہ ہی کوئی بے ضابطگی سامنے آئی۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنر گکگت بلتستان کے دورے کے دوران پولنگ ایجنٹس نے الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے کئے گئے اقدامات اور انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایسا صاف،شفاف اور آزادانہ انتخابات آج تک نہیں دیکھا ہے۔ترجمان کے مطابق گلگت بلتستان کی تاریخ میں پہلی بار تمام امیدواروں اور آر او ، و دیگر زمہ داران کی موجودگی میں مسلسل 4 دن لگاکر پورے حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشنز کی دوبارہ گنتی کے عمل کو مکمل کیا جس میں کوئی بھی بے ضابطگی سامنے نہیں آئی جبکہ پوسٹل بیلٹ پیپرز کا معاملہ خود امیدوار کے ساتھ ہوتا ہے اور وہ امیدوار خود اس کا زمہ دار ہوتا ہے،پوسٹل بیلٹ پیپرز کے حوالے سے الیکشن کمیشن ہرگز ذمہ دار نہیں ہوتا۔

ترجمان کے مطابق گلگت بلتستان میں پول ڈے مکمل پرامن رہا،صاف،شفاف اور آزادانہ انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کا ایک تاریخی اقدام تھا جس کی تصدیق فافین اور دیگر غیر جانبدار مبصرین نے اپنی رپورٹس میں بھی زکر کیا ہے جبکہ دیگر تمام پارٹیاں،میڈیا اور امیدوارں نے بھی خوب سراہا ہے۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں