گلگت بلتستان آرڈر 2018 کے تحت کونسل الیکشن کے انعقاد کیلئے شیڈول جاری، آٹھ نومبر کو انتخاب ہوگا

پیر 18 اکتوبر 2021 20:45

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2021ء) چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے گلگت بلتستان آرڈر 2018 کے تحت کونسل الیکشن کے انعقاد کیلئے شیڈول جاری کردیا،8 نومبر 2021 کو گلگت بلتستان اسمبلی ہال میں کونسل الیکشن کانعقاد ہوگا،ریٹرننگ آفیسر اور پولنگ آفیسرز بھی تعینات کردیا گیا۔شعبہ تعلقات عامہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے مطابق چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے زیر سیکشن 10 (2&1) آف گلگت بلتستان کونسل (الیکشن) ایکٹ 2016 اور آرٹیکل (e)60A آف گورنمنٹ آف گلگت بلتستان آرڈر 2018 کے تحت گلگت بلتستان کونسل الیکشن کے انعقاد کے لئیے شیڈول جاری کردیا،جس کے تحت امیدوارں کیلئے پبلک نوٹس بطرف ریٹرننگ آفیسر 20 اکتوبر 2021 کو جاری ہوگا،اور امیدوارں کو ریٹرننگ آفیسر کے پاس نومینیشن پیپر جمع کروانے کیلئے 21 اکتوبر سے 25 اکتوبر 2021 تک 5 دن دئیے گئے ہیں،ریٹرننگ آفیسر نومینیشن پیپر کی جانچ پڑتال 26 اکتوبر 2021 کو کریں گے۔

(جاری ہے)

نوٹیفیکیشن کے مطابق 27 اور 28 اکتوبر 2021 ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کے خلاف امیدواران چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کے پاس اپنے اعتراضات جمع کرواسکیں گے۔29 اکتوبر 2021 سے 2 نومبر 2021 کے درمیان چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان امیدواران کے اعتراضات /شکایات کا فیصلہ دیں گے۔نوٹیفیکیشن کے مطابق 3 نومبر 2021 اور 4 نومبر 2021 کو امیدواران اپنے نومینیشن پیپرز خارج کرسکیں گے اور 6 نومبر 2021 کو امیدواران کی حتمی فہرست جاری ہوگی اور 8 نومبر 2021 کو گلگت بلتستان اسمبلی ہال جوٹیال گلگت میں الیکشن ک انعقاد ہوگا۔

دوسری جانب ایک اور نوٹیفیکیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے گلگت بلتستان کونسل الیکشن کے انعقاد کیلئے سیکریٹری قانون گلگت بلتستان رحیم گل کو ریٹرننگ آفیسر اور ڈپٹی سیکریٹری قانون شفیق الرحمن اور اسسٹنٹ الیکشن کمشنر خورشید احمد کو پولنگ آفیسر تعینات کیا گیا ہے۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں