وفاقی وزیر امورِ کشمیر و گلگت بلتستان نے گراؤنڈ میں گیند پھینک کر جشن بہاراں پولو کا افتتاح کر دیا

ہفتہ 11 مئی 2024 10:40

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2024ء) وفاقی وزیر امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے گراؤنڈ میں گیندپھینک کر جشن بہاراں پولو کا افتتاح کر دیا۔ انہوں نے وہاب شہید پولو گراؤنڈ گلگت میں جشن بہاراں پولو میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ گلبر خان نے وفاقی وزیر کو روایتی ٹوپی اور چوغہ پہنایا۔اس موقع پر مقامی فنکاروں نے دانی ہریپ پر لوک گیت اور روایتی ثقافتی رقص بھی پیش کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پولو کو بادشاہوں کا کھیل کہا جاتا ہے جبکہ اب گلگت بلتستان میں یہ قومی کھیل بن چکا ہے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ انہیں گلگت میں اتنے خوبصورت ماحول میں پولو ٹورنامنٹ دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام سیاح دوست، مخلص، دیانتدار اور امن پسند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اپنی قدرتی خوبصورتی اور متنوع ثقافت کی وجہ سے بڑی تعداد میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کا امکان رکھتا ہے۔ وفاقی وزیر نے پانچ لاکھ روپے انعام کا بھی اعلان کیا۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں