گوجرانوالہ۔ انتظامیہ کے ساتھ مل کر شہر میں ٹریفک کے مسائل حل کرینگے ، آر پی اوگوجرانوالہ

جمعہ 17 جنوری 2020 20:44

گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2020ء) ریجنل پولیس آفیسر طارق عباس قریشی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر شہر میں ٹریفک کے بہائو کو بہتر بنانے اور شاہرات پر حادثات کی روک تھام کے لئے منصوبہ بندی کو تیزی سے آگے بڑھایا جارہا ہے اس سلسلے میں مختلف چوکوں‘ یوٹرن‘ سلپ روڈز کی ری ماڈلنگ کے لئے ترقیاتی پلان کو حتمی شکل دی جاری ہے۔

سڑکوںکی صورت حال کو مزید بہتر بنانے اورشہریوں کو محفوظ ٹریفک نظام دینے کے لئے ہرادارہ کو لیڈنگ رول ادا کرنا ہو گا۔ون یونٹ ( ٹیم ورک)کے طور پر کام کر کے ہم اپنے لئے آسانیاں پیدا کر سکتے ہیں۔ اس طرح وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ وسائل بھی بہتر طریقے سے استعمال میں آ سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں گذشتہ روز آر پی او آفس میں ہونے والی روڈ انجینئر نگ کی میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

میٹنگ میں کمشنر گوجرانوالہ زاہد اختر زمان،سٹی پولیس آفیسر گوجرانوالہ گوہر مشتاق بھٹہ،ایس ایس پی ریجنل انوسٹی گیشن برانچ عبدالقیوم گوندل ،چیف ٹریفک آفیسرمحمد آصف صدیق،ایڈیشنل کمشنر نعمان حفیظ، ایکسیئن ہائی وے ،چیف انجینئر کارپوریشن،پرسنل سیکرٹری شبیر احمد، ریڈر عثمان بشیر ود یگر افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پرسی ٹی او نے کمشنر اور آر پی او سمیت شرکاء اجلاس کو روڈ انجینئرنگ بارے بریفنگ دی اور اس بارے لانگ ٹرم اور شارٹ ٹرم تجاویزپر روشنی ڈالی ۔

ریجنل پولیس آفیسر کی زیر صدارت ہونے والی میٹنگ میں شہریوں کو دوران سفردر پیش مسائل کے حل کے لیے مشاورت کی گئی اور متفقہ طور پر تجاویز کو عملی جامہ پہنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ ریجنل پولیس آفیسر نے چیف ٹریفک آفیسر محمد آصف صدیق کو ہدایت کی کہ شاہرات پر غیر قانونی ،غیر ضروری،بلاجواز اور حادثاث کا باعث بننے والے یوٹرنز کا خاتمہ کریں اور ڈرائیورز کی رہنمائی کیلئے بیریئر پر ریفلکٹرز آویزاں کئے جائیں۔آخر میں ریجنل پولیس آفیسر طارق عباس قریشی نے کہا کہ کوئی بھی کام جو اللہ پر بھروسہ کرتے ہوئے محنت ، لگن اور خلوص نیت سے کیا جائے مشکل نہیں رہتا۔بلکہ اللہ کی رحمت سے راستے کی تمام رکاوٹیںدور ہو جاتی ہیں اور ہم کامیابی سے ہمکنار ہوتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں