گوجرانوالہ۔وزیرآباد شہر کی خوبصورتی اور دلکشی میں خاطر خواہ اضافہ کرر ہے ہیں ، اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد وقار حسین

جمعہ 17 جنوری 2020 21:03

گو جرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2020ء) وزیرآباد شہر کی خوبصورتی اور دلکشی میں خاطر خواہ اضافہ کرنا اور پرانے سلگتے ہوئے مسائل کو حل کرنے کی حتی المقدور کوشش جاری وساری رکھی جائے گی اور گرین اینڈ کلین پاکستان کے حوالہ سے صحت وصفائی کے معاملات اورنئے پودے لگا کر اسکے حسن میں گراں قدر اضٓفہ کو ممکن بنایا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد وقار حسین نے انجمن تحفظ حقوق شہریاں ملک شکیل احمد ،سابق کونسلر خواجہ شعیب اورصدر فوٹو جرنلسٹ ایسوسی ایشن صوفی محمد اشرف نثار سے بات چیت میں کیا ۔انہوںنے کہا کہ وزیرآباد ایک مردم خیز خطہ ہے اور یہاں کے لوگوں سے مل کر بہت خوشی محسوس کرتا ہوں شہریوں میں ایک خاص قسم کی نفاست پسندی پائی جاتی ہے اور وہ ہر مرحلہ پر انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرتے ہیں انہوںنے مزید بتا یا کہ مطالعہ رکھنے کے شوق نے مجھے علاقہ بھر کے آثار قدیمہ کی طرف متوجہ کردیا اور میں عنقریب کتاب کی شکل میں تصاویر کے ساتھ تحصیل بھر کا ورثہ شائع کرکے شہریوں کو ایک تحفہ پیش کرں گا ۔

(جاری ہے)

وقار حسین نے کہا کہ میرے دفتر کے دروازے ہر سائل کے لئے کھلے ہیں اور آنے والے ہر شہری کا جائز کام پہلی فرصت میں کیا جائے گا ۔اوردیگر تمام محکمہ جات کے افسران کو بھی انتباہ کیا جاتا ہے کہ وہ دفتری فرائض محنت اور دیانت داری سے سرنجام دیکر مخلوق خدا کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں تاکہ کل خدا کے حضور سرخرو ہوسکیں ۔

متعلقہ عنوان :

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں