یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے کمشنر آفس گوجرانوالہ میں تقریب کا اہتمام

بدھ 5 اگست 2020 18:20

گوجرانوالہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2020ء) یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے کمشنر آفس گوجرانوالہ میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید گلزارحسین شاہ‘ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سہیل اشرف‘ ایڈیشنل کمشنر ریونیو نعمان حفیظ‘ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈ افضال قمر وڑائچ‘ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو علی اکبر بھنڈر سمیت کمشنر اور ڈی سی آفس کے افسران ‘ملازمین اور معززین نے شرکت کی- تقریب کا آغاز ٹھیک 10 بجے سائرن بجا کر کیاگیا جس کے بعد تمام شرکاء نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف بطور احتجاج ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی- اس موقع پر کشمیر کی آزادی اور مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کی مدد ونصرت کیلئے خصوصی دعا بھی مانگی گئی-کمشنر گوجرانوالہ نے تقریب کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پورے ملک میں یوم استحصال کشمیر منانے کا مقصد کشمیری مظلوم بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عالمی برادری کی توجہ بھارتی جارحیت‘ بربریت اور کشمیر پر بزور طاقت قبضہ جمائے رکھنے کی طرف مبذول کرانا ہی- انہوں نے کہا کہ حکومت اور پاکستانی عوام اپنے مظلوم و محکوم کلمہ گو بہن بھائیوںکی اخلاقی‘ سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے اور بھارتی ظلم و بربریت کاخاتمہ ہوکر رہے گا- تقریب کے شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان اورکشمیریوں سے رشتہ کیا لا الہ الا اللہ کے نعرے لگا کر کشمیریوںکے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیا۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں