کمیونٹی کے تعاون کے بغیر پولیس کا وجود بے معنی ہو کر رہ جاتا ہے، آر پی او

منگل 31 اگست 2021 21:58

گوجرانوالہ۔31اگست  (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 31اگست 2021ء ) :ریجنل پولیس آفیسر عبدالکریم نے  عوامی رابطہ مہم  کے تحت گجرات پولیس لائنزمیں لگائی جانے والی کھلی کچہری میں عوامی شکایات کو سنااور شکایات کے ازالہ کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں ۔آر پی او نے کہا  کہ کمیونٹی کے تعاون کے بغیر پولیس کا وجود بے معنی ہو کر رہ جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کا فرض ہے کہ جرائم پیشہ اور شر پسند عناصر کی نشاندہی کریں تا کہ جرم کو سر زد ہونے سے قبل روک لیا جائے اور جرائم کی بیخ کنی میں مدد مل سکے۔انہوں نے کہا کہ پولیس افسروں کے لئے لاز م ہے کہ وہ اپنے رویوں میں بہتری لائیں اور عوام الناس کی خدمت کے لئے خود کو وقف کر دیں ۔اپنی ڈیوٹی ایمانداری اور دیانتداری سے سر انجام دیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پرڈی پی او گجرات عمر سلامت ، ایس پی انویسٹی گیشن عمران رزاق ،تمام ڈی ایس پیز ، ایس ایچ اوز اور انچارج برانچز نے شرکت کی۔  آر پی او گوجرانوالہ نے تمام سائلین کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو میرٹ پر حل کیا جائے گا اور انصاف کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنا ہمارا مشن ہے ،جسے پورا کرنے کے لئے پورے ریجن میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ریجنل پولیس آفیسر عبدالکریم افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں قبضہ مافیا اور اسلحہ کلچر کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

متعلقہ عنوان :

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں