رمضان المبارک کے اختتام تک مرغی کے گوشت کے موجودہ نرخ634فی کلو گرام برقراررہیں گے، پولٹری ایسوسی ایشن

بدھ 3 اپریل 2024 22:07

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2024ء) کمشنرگوجرانوالہ ڈویژن سید نویدحیدرشیرازی اورڈپٹی کمشنرمحمد طارق قریشی کی خصوصی ہدایات اورکاوش کے نتیجہ میں پولٹری ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ رمضان المبارک کے اختتام تک مرغی کے گوشت کے موجودہ نرخ634فی کلو گرام برقراررہیں گے جبکہ رمضان بازارمیں چکن کاگوشت ان نرخوں سے 25 روپے کم پر دستیاب ہے ۔

پولٹری ایسوسی ایشن کے وفد نے یہ یقین دہانی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) مطاہر امین حیات وٹو کی زیرصدارت اجلاس میں کرائی جس میں ڈائر یکٹر لائیو سٹاک ساجد اقبال ،ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک میڈم صائمہ ارم سید اور دیگر افسران نے شر کت کی ، اے ڈی سی(آر) نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام الناس کو بنیادی اشیائے خورونوش کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کیلئے مسلسل کو شاں ہے اور بالخصوص چکن کے نرخوں میں استحکام کیلئے تمام ممکنہ اقدامات برو ئے کار لائے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ من مانے نرخ وصول کرنے والوں کے خلاف ٹھوس کارروائی کر رہے ہیں ا ورمہنگائی سے خاطر خواہ ریلیف کو یقینی بنایا جا رہاہے۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ روزانہ کی بنیاد پر لاہور اور گوجرانوالہ میں مرغی کے گوشت کے ایک جیسے نرخ مقرر کئے جا رہے ہیں اور پولٹری ایسو سی ایشن کے نمائندگان کی جانب سے ان نرخوں کو رمضان المبارک کے اختتام تک بر قرار رکھنے کی یقین دہانی خوش آئند ہے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر صائمہ ارم سید نے بتایاکہ رمضان بازار میں انڈے بھی فی درجن اوپن مارکیٹ سے 6 روپے کم نرخوں پر فروخت ہو رہے ہیں اور لائیو سٹاک کے افسران مرغی کے گوشت کے مقررہ نرخوں پر عمل درآمد کو یقینی بنا رہے ہیں جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا رو رعائت کاروائی عمل میں لا ئی جار ہی ہے۔\378

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں