پنجاب پولیس نے مرد اہلکار کو نقاب پہنا کر فوٹو سیشن کروا لیا

گجرات میں ملزمہ کی تصویر بنوانے کے لیے مرد اہلکار کو لیڈی پولیس کا یونیفارم پہنا دیا گیا، تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ایس ایچ او معطل

muhammad ali محمد علی جمعرات 21 جولائی 2022 00:49

پنجاب پولیس نے مرد اہلکار کو نقاب پہنا کر فوٹو سیشن کروا لیا
گجرات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جولائی2022ء) پنجاب پولیس کا انوکھا اقدام، تھانے میں لیڈی کانسٹیبل نہ ہونے پر مرد اہلکار کو نقاب پہنا کر ملزمہ کے ساتھ فوٹو سیشن کروا لیا۔ تفصیلات کے مطابق گجرات کے تھانے میں ملزمہ کی موجودگی کے وقت لیڈی پولیس اہلکار نہ ہونے کا انوکھا حل نکالا گیا، ملزمہ کی تصویر بنوانے کے لیے مرد اہلکار کو لیڈی پولیس کا یونیفارم پہنا دیا گیا۔

مرد اہلکار کی لیڈی اہلکار کے یونیفارم میں تصویر وائرل ہونے پر ایس ایچ او کو معطل کردیا گیا، ڈی پی او نے ڈی ایس پی صدر کو 24 گھنٹوں میں انکوائری مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔ یاد رہے کہ پولیس ایکٹ کے تحت کسی خاتون کی گرفتاری کے وقت خاتون پولیس اہلکار کی موجودگی لازمی ہے اور شاید اسی قانون کا پاس رکھنے کی غرض سے پولیس کی جانب سے یہ اقدام اٹھایا گیا۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر بھی صارفین پولیس کے اس انوکھے اقدام کو آڑے ہاتھوں لے رہے ہیں۔ جبکہ اس تمام واقعے کے حوالے سے بی بی سی اردو کی رپورٹ کے مطابق گجرات کے تھانہ دولت نگر کے اہلکاروں نے ناجائز اسلحہ برداروں اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ناجائز اسلحہ بردار اور ایک خاتون منشیات فروش ملزمہ کو گرفتار کیا جن کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کیے گئے، پولیس نے بعد ازاں گرفتار ملزمان اور خاتون منشیات فروش ملزمہ کی اسلحہ اور منشیات کے ساتھ تصویر بنوائی۔

پولیس ایکٹ کے مطابق کسی ملزمہ کی گرفتاری کے لیے خاتون اہلکار کا ساتھ ہونا لازم ہوتا ہے، اسی طرح اگر خاتون ملزمہ کو مجاز عدالت میں پیش کیا جاتا ہے یا کسی خاتون ملزمہ کی تصویر میڈیا کو جاری کی جاتی ہے تو قانون کے مطابق خاتون اہلکار کا ہمراہ ہونا لازم ہے۔ ڈی ایس پی صدر نے اس سلسلے میں بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق جب منشیات فروش ملزمہ گرفتار کی گئی اس وقت خاتون اہلکار تھانے میں موجود تھیں، لیکن جب کچھ گھنٹوں بعد تصاویر بنوائی گئیں تو خاتون اہلکار چھٹی کر کے اپنے گھر جا چکی تھیں جس وجہ سے مرد اہلکار کو نقاب پہنا کر ساتھ کھڑا کیا گیا جو کہ ایک غلط اقدام تھا۔

گجرات میں شائع ہونے والی مزید خبریں