کوئٹہ، ہمسایہ ممالک کے ساتھ قانونی تجارت کا فروغ اور اس سلسلے میں حائل رکاوٹیں دور کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں، چوہدری جاوید

جمعرات 12 مئی 2022 22:30

{کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2022ء) کلکٹر گوادر کسٹم ہائوس چوہدری جاوید نے کہا ہے کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ قانونی تجارت کا فروغ اور اس سلسلے میں حائل رکاوٹیں دور کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں، قانونی تجارت کا فروغ ، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ معاشی خوشحالی کا بھی ضامن ہے اس سلسلے میں ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر فدا حسین دشتی سے تربت میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران کیا ۔ اس سے قبل ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر فدا حسین دشتی نے کلکٹر گوادر کسٹم ہائوس چوہدری جاوید اور ڈپٹی کلکٹر کسٹم ساجدبلوچ کو اپنی رہائش گاہ آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کی روز اول سے ہی یہ کوشش رہی ہے کہ ملک اور صوبے میں قانونی تجارت کو فروغ دیا جاسکے اس سلسلے میں چیمبر کے عہدیداران و ممبران کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، کاروباری اور صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ تب ممکن ہے جب ہمسایہ ممالک کے ساتھ نئے بزنس گیٹس کی فعالی کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بادرڈر 250گوادر ، ضلع مند ، ریدگ کیچ ، چاغی کا زیرو پوائنٹ ماشکیل ،چیدگی بارڈر پنجگور اور بارڈر 227بلنگور کو نوٹیفائی کرنے و دیگر سے متعلق امور پر کسٹم حکام سے تفصیلی بات چیت کی اور انہیں اس سلسلے میں اپنی تجاویز اور آرا سے آگاہ کیا ۔اس موقع پر کلکٹر گوادر کسٹم ہائوس چوہدری جاوید اور ڈپٹی کلکٹر کسٹم ساجدبلوچ کا کہنا تھا کہ ملک اور صوبے کے اندر اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ قانونی تجارت کا فروغ اور اس سلسلے میں حائل رکاوٹیں دور کرنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں کیونکہ قانونی تجارت کا فروغ نہ صرف بے روزگاری کے خاتمے میں معاون ثابت ہوتا ہے بلکہ یہ ملک اور صوبے کی معاشی خوشحالی کی بھی ضمانت ہے ۔

انہوں نے ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کی قانونی تجارت کے فروغ اور صنعت و تجارت ، زراعت ، گلہ بانی سمیت دیگر شعبہ جات سے وابستہ افراد اور بزنس کمیونٹی کے لئے خدمات کو سراہا اور کہاکہ چیمبر آف کامرس نے صوبے کی تجارت پیشہ افراد ، صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کے حقوق اور قانونی تجارت کے فروغ کے لئے جو خدمات انجام دی ہیں وہ اپنی مثال آپ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ قانونی تجارت کے فروغ اور اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی کے لئے ان کی کوششیں جاری رہیں گی ، قانونی تجارت کے فروغ کے سلسلے میں ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران اور ممبران کے ساتھ وہ ہر ممکن تعاون کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں

متعلقہ عنوان :

گوادر میں شائع ہونے والی مزید خبریں