عوام دوست پالیسیوں کی بدولت جیل خانے اب حقیقی معنوں میں اصلاح خانوں کا روپ دھار چکے ہیں۔ ضلع ناظم ہری پور

ہفتہ 18 مئی 2019 19:10

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2019ء) ضلع ناظم ہری پور اختر نواز خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی موثر و عوام دوست پالیسیوں کے باعث جیل خانے جو ماضی کے عقوبت خانے تصور کئے جاتے تھے، اب حقیقی معنوں میں اصلاح خانوں کا روپ دھار چکے ہیں، صوبائی حکومت کی خصوصی ہدایات کے تحت ضلعی حکومت ہری پور سنٹرل جیل میں پابند سلاسل قیدیوں کی اصلاح و فلاح کے ساتھ ساتھ ان کی جملہ جائز و قانونی ضروریات کی فراہمی میں جیل انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی اور جیل کے ماحول کو مزید انسان دوست بنانے کیلئے اپنے دائرہ کار سے باہر اقدامات کیلئے صوبائی حکومت کا خصوصی تعاون حاصل کرے گی۔

وہ ہری پور سنٹرل جیل کے دورہ کے دوران سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل ہری پور مقصود الرحمن سے بات چیت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کے ہمراہ ممبر ضلع کونسل آصف علی جاہ بھی وجود تھے۔ ضلع ناظم نے جیل حکام سے جیل میں پابند قیدیوں کو درپیش جائز و قانونی مسائل سے آگاہی حاصل کی اور جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ آئین و قانون کے تحت قیدیوں اور جیل ملازمین کو حاصل تمام تر حقوق ان تک پہنچائے جائیں اور انہیں درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔

ضلع ناظم اختر نواز خان نے کہا کہ انسان خطاء کا پتلا ہے اور قصداً سہواً اور بعض اوقات ناکردہ گناہ کی پاداش میں بھی لوگوں کو جیل ہو جاتی ہے تاہم جیل خانوں کا بنیادی مقصد جیل میں مقید افراد کی ایسی تربیت و اصلاح ہے کہ وہ مقررہ قانونی سزا بھگتنے کے بعد جیل سے رہائی کے بعد باعزت اور مفید شہری بن کر معاشرہ میں زندگی گذارنے کے قابل ہو سکیں۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل ہری پور مقصود الرحمن نے ضلع ناظم کو جیل میں پابند سلاسل قیدیوں کو دی گئی سہولیات اور انہیں مفید شہری بنانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں